خیبر پختونخوا میں جاری منصوبے سی پیک کا حصہ ہیں،چینی سفاتخانہ

خیبر پختونخوا میں جاری منصوبے سی پیک کا حصہ ہیں،چینی سفاتخانہ

اسلام آباد ( آئی این پی ) پاکستان میں چین کے سفیر سن و ی ڈونگ نے منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران انہیں آگاہ کیا کہ ان کا ملک، چین پاکستان اقتصادی راہدری ( سی پیک ) منصوبے جو پورے ملک کے عوام کو مساوی فوائد پہنچائے گا۔ کے ذریعے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں فعال طور پر حصہ لے رہاہے ۔ بدھ کو چینی سفیر اور عمران خان کی ملاقات کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں پر تبصرہ کے لئے جب رابطہ کیا گیا تو سفارتخانے کے ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی دعوت پرچینی سفیر نے ان سے ملاقات کی ،چینی سفیر نے عمران خان کو یقین دلایا کہ سی پیک عظیم اہمیت کا حامل منصوبہ ہے ۔ سی پیک کا مقصد بلحاظ مجموعی پاکستان کے سماجی و اقتصادی مفادات کو تقویت پہنچانا ہے ، کے پی کے کے علاقوں سمیت تمام علاقے اس سے مستفید ہوں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ چینی سفیر نے کے پی کے میں شروع کئے جانیوالے مخصوص منصوبوں کا ذکر کیا اور اس امر کو واضح کیا کہ گوادر تک جانے والا مغربی روٹ یقیناًسی پیک کا حصہ ہے ۔جے سی سی میں منظور کئے جانیوالے ٹرانسپورٹ پلان کے مونو گرافک جائزے میں واضح طورپر کہا گیا ہے کہ برہان ۔ ڈی آئی خان ۔کوئٹہ ۔ سراب سیکشن سی پیک کے اہم رابطہ پوائنٹس کے درمیان اشد ضروری رابطے فراہم کرے گا اورپاکستان کے مغربی علاقوں کو ملائے گا ۔

مزید : صفحہ اول