پناہ کی پیشکش مسترد کردی تھی‘ بشارالاسد کی اہلیہ کا انکشاف

پناہ کی پیشکش مسترد کردی تھی‘ بشارالاسد کی اہلیہ کا انکشاف

ماسکو ( آن لائن )شام کے صدر بشار الاسد کی بیوی آسمہ الاسد نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے شوہر کی حمایت کرنے کے لیے جنگ زدہ شام سے محفوظ طور پر نکالے جانے کی پیشکش مسترد کردی تھی تاہم انہوں نے یہ بتانے سے انکار کردیا کہ یہ پیش کش کس کی جانب سے کی گئی تھی۔روسی ٹی وی کو انٹرویو میں آسمہ الاسد کا کہنا تھا کہ انہیں شام سے محفوظ طور پر نکالنے کی پیشکش میں ان کے بچوں کی حفاظت اور مالی معاونت کی ضمانت بھی شامل تھی۔یہ سمجھنا مشکل نہیں کہ یہ پیشکش کرنے والے لوگ حقیقتاً کیا چاہتے تھے، یہ صدر بشار الاسد میں لوگوں کے اعتماد کو کم کرنے کی کوشش تھی۔ آسمہ الاسد نے بشارالاسد کی صدارت کی حمایت پر روسی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔لندن میں پیدا ہونے والی آسمہ الاسد سن2000میں بشار الاسد سے شادی ہوئی تھی، شادی سے پہلے وہ ایک بینکر کی حیثیت سے کام کررہی تھیں۔شام میں صدر بشارالاسد کے اقتدار کے خلاف بغاوت کے بعد سے شروع ہونے والی جنگ شام کے کئی حصوں میں پھیل چکی ہے۔ اس جنگ کو پانچ سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے اور اس میں کم از کم تین لاکھ افراد جانیں گنوا چکے ہیں۔

مزید : عالمی منظر