وینزویلا میں گورنرز کے انتخابات آئندہ سال کے وسط تک کیلئے ملتوی

وینزویلا میں گورنرز کے انتخابات آئندہ سال کے وسط تک کیلئے ملتوی

کراکس (اے پی پی) وینزویلا میں گورنرز کے انتخابات آئندہ سال کے وسط تک کیلئے ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ یہ انتخابات رواں سال دسمبر میں ہونا تھے۔ نیشنل الیکٹورل کونسل کے سربراہ تبیسی لوسینا نے سرکاری ٹی وی پر اپنے بیان میں کہا کہ گورنرز کا انتخاب 2017ء کے وسط میں کیا جائے گا تاہم انہوں نے انتخابات ملتوی کیئے جانے کی وجہ نہیں بتائی۔ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں انتخابات کی بجائے معاشی بحالی کی طرف توجہ مبذول کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے کیونکہ عوام کی خوشحالی معاشی ترقی سے وابستہ ہے۔ یاد رہے کہ عالمی منڈیوں میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کے باعث وینزویلا کی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ جس سے نکولس مادورو کی مقبولیت میں بھی تیزی سے کمی ہوئی ہے اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے صدر کو عہدے سے ہٹانے کے لئے ریفرنڈم کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید : عالمی منظر