سید علی گیلانی کی کشتواڑ میں ہولناک آتشزدگی پراظہار تشویش

سید علی گیلانی کی کشتواڑ میں ہولناک آتشزدگی پراظہار تشویش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشتواڑ میں ہولناک آتشزدگی سے بڑے پیمانے پر تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ موسم سرماآتشزدگی کے اس بھیانک سانحے پر ہمارے دل خون کے آنسو رورہا ہے۔ انہوں نے آتشزدگی سے کروڑوں روپے کے نقصان پرشدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صاحب ثروت لوگوں سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ ان مصیبت زدگان کی بھرپور مالی مدد کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں، تاکہ ہمارے یہ مظلوم بھائی موسم کے شدت اختیار کرنے سے پہلے اپنے لیے چھت کا انتظام کرسکیں۔
انہوں نے پر امن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پورے بھارت میں جگہ جگہ احتجاج، دھرنے اور مظاہرے ہوتے ہیں، لیکن وہاں کبھی طاقت اور گولیوں کا استعمال نہیں کیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں چونکہ مسلمان اپنے حقوق کیلئے احتجاج کررہے ہیں لہذاانہیں بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن ’’انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت‘‘ کا درس دینے والے قاتل اور اُن کے مقامی آلہ کار کی زبانیں گنگ ہوتی ہیں۔ گزشتہ روز بارہمولہ میں طویل ترین کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ عوام کی تحریکِ آزادی سے خوفزدہ ہے اور اسی لیے وہ حق کی آواز دبانے کیلئے پوری بستی کو تاراج کرکے اپنے حاکموں سے شاباشی حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مکانوں کی توڑ پھوڑ، مکینوں کو زدوکوب کرکے لہولہان کرنا، اندھا دھند گرفتاریاں اور پورے علاقے کی ناکہ بندی بوکھلاہٹ اور سراسیمگی کی ہی علامت ہے۔ سیدعلی گیلانی نے کہاکہ نئی دلی کے ایما پر چلائی جارہی اس ملی جلی سرکار کو صرف اور صرف اپنی کرسیوں کی حفاظت اور دلی دربار میں جی حضوری کے سوا کوئی فکر وپریشانی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کی درندگی کو کوئی بھی ذی حس اور باضمیرشخص برداشت نہیں کرسکتا، لیکن سادہ لوح کشمیریوں کے ووٹ سے بنی سرکار کاضمیر مردہ ہوچکا ہے کہ وہ ان کی لاشوں کو ہی زینہ بناکر اپنے بھارتی آقاؤں سے دادحاصل کررہی ہے۔انہوں نے اپنے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی نظربندی میں 31اکتوبر تک کی توسیع کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے صفاکدل میں حریت کانفرنس کے لیگل سیل سے وابستہ محمد سعید کے گھر پر چھاپے اور انہیں گرفتار کرکے صفاکدل تھانے میں نظر بند کرنے کی بھی مذمت کی۔

مزید :

عالمی منظر -