چارسدہ ،جمعیت کا تاجروں پر ٹیکس لاگو کرنے کیخلاف احتجاج کا اعلان
چارسدہ (بیورو رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام نے تاجروں پر ضلعی حکومت کی طرف سے مجوزہ ٹیکسوں کے خلاف تاجروں کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ۔ ریاست اور ضلعی حکومت عوام اور تاجروں کو آئینی حق اور سہولیات نہیں دے رہی تو ان پر نت نئے ٹیکس لگانا کہاں کا انصاف ہے ۔ مولانا محمد ہاشم خان ۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ضلع چارسدہ کے امیر مولانا محمد ہاشم خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی پیر گوہر علی شاہ اور ضلعی ترجمان عطاء اللہ خان نے ضلعی حکومت کی طر ف سے تاجروں پر مجوزہ نئے ٹیکس لاگوکرنے پر شدید رد عمل کا اظہار کر تے ہوئے تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ جے یوآئی کے قائدین نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ جے یوآئی کے ضلعی ممبران کو عوام نے اپنے مسائل اور مشکلات حل کرنے کیلئے ووٹ دیا ہے نہ کہ تاجروں اور عوام پر نت نئے ٹیکس لگائے جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ضلع کونسل کے اندر اور باہر جے یوآئی عوام دشمن پالیسیوں اور قانون سازی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہی گی ۔ انہوں نے کہاکہ جے یوآئی عوامی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے مفادات اور حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت اور ریاست عوام کو آئین میں حاصل بنیادی حقوق ، صحت ، تعلیم اور دیگر سہولیات فراہم نہیں کر سکتی تو ان کو کوئی نیا ٹیکس لگانے کا بھی حق نہیں ۔