ڈیرہ ،موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی جلد اٹھائی جائیگی ،ڈی پی او
ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ)جلدہی ڈبل سواری کو کھولاجائے گا ہمیں ڈیرہ کی عوام اور تاجر برادری کی دشواریوں کا احساس ہے ۔افغان مہاجرین جو رجسٹر ہیں اقوام متحدہ کے قوانین کے تحت وہ 31دسمبر 2017تک قیام کرسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار ڈی پی ڈیرہ یاسر آفریدی نے مرکزی انجمن تاجران کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ جس کی قیادت راجہ اختر علی اور سہیل اعظمی نے کی وفد میں چوہدری جمیل ،حاجی محمد رمضان ،حاجی محمد نواز ، خلیل نمبردار ، حاجی امان اللہ ،حاجی صلاح الدین ، نعیم قریشی اور اورنگزیب شامل تھے ۔وفد کے اراکین نے ڈی پی او ڈیرہ کو محرم الحرام کے پر امن انعقاد پر مبارکباد دی ۔اس موقع پر ڈی پی او یاسر آفریدی نے کہا کہ پر امن ڈیرہ ہی ہمارے لیے کامیابی ہے اس کیلئے تمام تر برادری خصوصاً تاجربرادری کا تعاون ہمیشہ ڈیرہ پولیس اور انتظامیہ کو ملتا رہا ۔انہوں نے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی بندش کے سلسلے میں درپیش مسائل کے سلسلے میں کہا کہ مرکزی انجمن تاجران کی اپیل پر ہم جلد ہی ڈبل سوار ی پر سے پابندی چند دنوں میں اٹھا لیں گے ۔انہوں نے افغان مہاجرین کے سلسلے میں کہا کہ حکومت نے رجسٹرڈ افغانیوں کو 31دسمبر 2017تک ملک میں رہنے کی اجازت دی ہے جبکہ دیگر نان رجسٹرڈ افغانیوں کو واپس جانا ہوگا ۔ ڈی پی او ڈیرہ یاسر آفریدی نے شہر میں چنگ چی اور دیگر ٹریفک مسائل کے سلسلے میں تاجر برادری کی تجاویز پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔