مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ بھی نہیں دیا، افضل شاہ خاموش

مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ بھی نہیں دیا، افضل شاہ ...

چارسدہ (بیورو رپورٹ) پاکستان مزدور کسان پارٹی کے مرکزی صدر افضل شاہ خاموش نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں مرکز ی اور صوبائی حکومتوں نے عوام کو مایوسی کے سواء کچھ نہیں دیا ۔ حکمران اگلے انتخابات میں عوام کو پھر دھوکہ دینے کیلئے آپس میں لڑ رہے ہیں۔ پختونوں اور اسلام کے نام پر سیاست کرنے والوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں پختونوں کو اکیلا چھوڑا ہے ۔ وہ شمالی ھشتنگر مارغانوں کلے مندنی میں شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مزدور کسان پارٹی کے صوبائی نائب صدر شیر بہادر سیکرٹری اطلاعات شکیل وحید اللہ ، صوبائی سیکرٹری فیض الرحمان اور شمالی ہشتنگر کے صدر ء عبدالاکبر خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سینکڑوں لوگوں نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر مزدور کسان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے پاکستان مزدور کسان پارٹی کے مرکزی صدر افضل شاہ خاموش نے کہا کہ پختونوں اور مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں پختونوں کو بے سرو سامانی کے حالت میں چھوڑ اہے۔ آج پختونوں کی بقاء کا مسئلہ ہے ۔ پختون قوم سے سی پیک میں دھوکہ ہو رہا ہے ۔ بے روزگاری ، تعلیم ، صحت ، امن و امان اور دیگر مشکلات نے پختون قوم کو ذہنی طور پر مفلوج کر رکھا ہے مگر پختون قیادت اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات قریب آتے ہی سیاسی قیادت کو اسلام اور پختونوں کی یاد آتی ہے اور مختلف پر فریب نعروں اور وعدوں پر ایک بار پھر لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے کمر بستہ نظر آئینگے ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ کھیل مکمل طور پر ختم ہو نا چاہیے اور ریاست کو آئین کے مطابق تمام شہریوں کو یکساں بنیادی حقوق اور سہولیات دینے ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی کے دعویداروں اور مسلم لیگ نے عوام کو مسائل اور مشکلات کے دلدل میں پھینک دیا ہے اور خالی ہولی نعروں سے عوام کو بہکارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی نظریں صرف پنجاب پر لگی ہوئی ہے اور ملکی و غیر ملکی خزانوں کا منہ لاہور میں کھول رکھا ہے جس سے چھوٹے صوبوں اور قومیتوں میں مایوسی کی لہر پھیل چکی ہے ۔ سی پیک منصوبہ میں خیبر پختونخوا کے ساتھ زیادتی پر مزدور کسان پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی اور اسلام آباد سمیت ہر جگہ اس حوالے سے دوبارہ احتجاج کریگی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر