پاناما لیکس ایک حقیقت ہے، نواز شریف دامن چھڑا نہیں سکتے، روبینہ خالد
اسلام آباد(پ ر)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ آمروں کے دو لاڈلے جمہوریت کو تماشا اور پارلیمنٹ کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ نواز شریف اور عمران خان کا المیہ یہ ہے کہ دونوں کی جمہوری انداز میں سیاسی تربیت نہیں ہوئی۔ پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری ہونے والے بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پاناما لیکس ایک حقیقت ہے، نواز شریف اس سے دامن چھڑا نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے احتساب کا بہترین فورم پارلیمنٹ ہے۔ آمروں کے دو لاڈلے نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ بااختیار ہو۔ روبینہ خالد نے کہا کہ احتجاج ہر سیاسی پارٹی کا جمہوریت حق ہے مگر احتجاج کے نام پر شہروں کو بند اور شہریوں کو گھروں میں بند ہونے پر مجبور کرنا کا کسی کو حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو دھرنے دینے کے لئے تو وقت ہے مگر کے پی کے کے عوام کے لئے کوئی وقت نہیں۔ کے پی کے کی حکومت بنی گالہ سے چلائی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ اور باقی وزراء کا کام یہ ہے کہ وہ صرف بنی گالہ پر حاضریاں دیں۔