پاکستان کی معیشت کو صحیح سمت پر گامزن کر دیا ،ملک رفیق رجوانہ

پاکستان کی معیشت کو صحیح سمت پر گامزن کر دیا ،ملک رفیق رجوانہ

لاہور( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی ترقی کے حوالے سے اہم مراحل سے گزر رہا ہے ایسی صورتحال میں تخریبی سیاست نہ صرف معاشی ترقی کو نقصان پہنچائے گی بلکہ ملکی سالمیت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو صحیح سمت پر گامزن کر دیا گیا ہے ، سیاسی جماعتیں سیاسی سرگرمیاں ضرور کریں تاہم کوئی ایسا اقدام نہ اٹھائیں جس سے ملکی مفادات اور معیشت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو ۔ انہو ں نے کہاکہ حکومت کو ٹیکسٹائل صنعت کی مشکلات کابخوبی اندازہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے موثر حکمت عملی پر کام جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپٹما کے بیس رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہو ں نے سید علی احسن کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہاکہ آج ٹیکسٹائل انڈسٹری کی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے جبکہ بجلی کی قیمت اور پیداواری لاگت کو کم کرنے کے حوالے سے ان کے معاملات کو بھی بہت جلد حل کر لیا جائے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں بین الاقوامی مسابقت کا مقابلہ کرنے کے لیے انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت ملک میں روزگار فراہم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہے ،ان حالات میں صنعتیں چلانے والے ملک و قوم کی بڑی خدمت کر رہے ہیں ۔قبل ازیں ، پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنرپیری کالڈروڈ (Mr Perry Calderwood) سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی سطح پر باہمی اشتراکیت کو فروغ دینا اور دوست ملکوں سے دوطرفہ تعاون کو بڑھانا حکومت کی خارجہ پالیسی کا محور ہے ، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کے امیج میں خاصی بہتری آئی ہے ۔کینیڈ ا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلیم کے شعبے میں مثالی تعاون موجو دہے تاہم اب اس دوطرفہ تعاون کا دائرہ وسیع کرنا ہو گا۔

مزید : صفحہ آخر