گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات ، 30ہزارسکھ یاتری 12نومبرکو پاکستان آئینگے
لاہور( کا مرس رپورٹر)متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ با با گورو نانک دیو جی کے548ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے 30ہزارسکھ یاتری پاکستان آئیں گے، وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر سکھ یاتریوں کے لیے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو پہلے سے بہتر بنایا جائے گا ،اقلیتوں کی خدمت ہماری آئینی ، قانونی اور اسلامی ذمہ داری ہے جس سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی انتظامی اجلاس میں کیاجس میں سیکرٹری بورڈ میاں عبدالقدیر، ایڈیشنل سیکر ٹری شرائن خالد علی ، ڈپٹی سیکرٹری عمران خان، پی آر او عامر حسین ہاشمی سمیت حساس اداروں، امور داخلہ،خارجہ، پولیس، فوج، رینجرز، مختلف اضلاع کے ڈی سی او، ڈی پی او، واپڈا، کسٹمز،ریلوے ،امیگریشن اور دیگر اہم اداروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق نے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائیدوں کو انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری12نومبر کو پاکستان آئیں گے جبکہ مرکزی تقریب 14نومبرکو گورو دوارہ جنم استھا ن ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی ۔انہوں نے بتایا کو اس مرتبہ پہلے سے بہتر فول پروف سکیورٹی انتظامات ہوں گے سی سی ٹی وی کیمرے واک تھرو گیٹ ،اور ہر قسم کی سیکورٹی مہیا کی جائے گی اسکے علاوہ رہائش ،طبی سہولیات،ٹرانسپورٹ کی سہولیات اور کھانے پینے کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں گے ۔لوڈ شیڈنگ کے صورت میں جنریٹرز کا انتظام کیا گیا ہے ۔بھارت کے مقابلے میں وہاں سے آنے والی یاتریوں سیکورٹی سمیت دیگر مہمان نوازی کے لیے مثالی اقدامات کرکے اسلامی ملک غیر مذہب کے ساتھ محبت کا ثبوت دے گا ہمارا ملک ایک اسلامی ریاست ہونے کے ناطے اسلامی اصولوں کے عین مطابق غیر مسلموں سے پیار و محبت کی نئی مثا ل قائم کرے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ننکانہ کو بین الاقوامی معیا کا شہر بنانے کے لیے جلد حتمی پلان تیار کر لیا جائے گا ،جبکہ بابا گورو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی نومبر میں ہی رکھا جائے گا جبکہ ننکانہ صاحب میں بھائی مردانہ سنگھ کی یاد گار تعمیر کی جائے گی۔70سال سے بند گورو داورہ کیارہ صاحب کو بھی کھولا جائے گا تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہتر ہو۔جنم دن کے حوالے سے انتظامات کو حتم شکل دینے کے لیے دوسرا انتظامی اجلاس یکم نومبر کو ہو گا۔