غیر سنجیدگی اور غفلت کے مرتکب ہونے پر کالج پرنسپل فوری طور پر تبدیل

غیر سنجیدگی اور غفلت کے مرتکب ہونے پر کالج پرنسپل فوری طور پر تبدیل

پشاور ) سٹاف رپورٹر(وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے بدھ کے روز گورنمنٹ گرلز کالج پبی نوشہرہ کا اچانک دورہ کیا اور کالج میں سٹاف کی کمی پوری نہ کرنے میں غیر سنجیدگی اور غفلت کے مرتکب ہونے پر کالج پرنسپل کو فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات صادر کئے۔انہوں نے اس موقع پر کالج انتظامیہ اور نظامت اعلیٰ تعلیم کی جانب سے سستی اور لاپروائی کا مظاہرہ کرنے پر کالج کی طالبات سے معافی بھی مانگی۔انہوں نے نظامت اعلیٰ تعلیم کو سختی سے ہدایت کی کہ آئندہ تین روز کے اندر کالج میں سٹاف کی کمی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بناکر رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے اپنے اچانک دورے کے دورا ن کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے لیبارٹری اسسٹنٹ، لیباریٹری اٹینڈنٹ اور مالی کو غیر حاضر ہونے پر معطل کر دیا۔مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ کالج میں سٹاف کی کمی ہے لیکن فرنیچر وغیرہ کی کوئی کمی نہیں ہے کالج انتطامیہ کی غفلت کی وجہ سے ادارے کا نام بدنام ہو رہا ہے واضح رہے کہ گزشتہ روزمذکورہ کالج میں سٹاف کی کمی سے متعلق بعض ٹی وی چینلز پر خبر نشر ہوئی تھی جس پر مشیر وزیر اعلیٰ برائے اعلیٰ تعلیم نے سنجیدہ نوٹس لیا۔

مزید : پشاورصفحہ اول