بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’’اے دل ہے مشکل ‘‘ کو ہندوستان میں مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’’اے دل ...
بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’’اے دل ہے مشکل ‘‘ کو ہندوستان میں مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

  

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)ہندوستانی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے فلمساز کرن جوہر اور پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’’اے دل ہے مشکل ‘‘کو ہندوستان میں ریلیز کے موقع پر سینماؤں کو مکمل سیکیورٹی اورتحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔

بھارتی نجی چینل ’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل ‘‘میں پاکستانی فنکار فواد خان کی موجودگی سے فلم کی ریلیز پر چھائے بحران کو لے کر فلمی دنیا سے وابستہ لوگوں نے ’’ پروڈیوسرز گلڈ‘‘ کے چیئرمین مکیش بھٹ ، کرن جوہر، دھرما پروڈکشن کے سی ای اپوروامتا اور فاکس اسٹار کے سی ای او وجے سنگھ نے انڈین وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکیش بھٹ اور دیگر کا کہنا تھا کہ ان سے ملنے سے قبل میں کافی مایوس تھا لیکن راجناتھ سنگھ سے ملاقات کے بعد میں مطمئن ہوں ،۔وزیر داخلہ نے ہمیں یقین دہانی کراتے ہوئے فلم ریلیز کے لیے لے کر تمام طرح کی سیکورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے،جس کے بعد میں محفوظ محسوس کر رہا ہوں۔مکیش بھٹ کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ حکومت ہمارے ساتھ ہے۔ ایم این ایس جو چاہے کرے، ہمارا کنبہ محفوظ ہے۔ہم نے پاکستانی فنکاروں کو اس وقت سائن کیا تھا ، جب حالات دوسرے تھے۔ ہم فنکار ہیں اور ہمیں صرف انٹرٹینمنٹ ہی سمجھ میں آتا ہے، سیاست نہیں ، مجھے حکومت پر یقین ہے، میں کسی کو روک نہیں رہا ہوں، لوگ فلم دیکھنے یا نہ دیکھنے کے لئے آزاد ہیں،کچھ لوگ بلا وجہ ہنگامہ کررہے ہیں۔

دوسری طرف ہندو انتہا پسند جماعت  مہارا شٹر نونر مان سینا (ا یم این ایس) کی مزدور یونین نے دھمکی دی ہے کہ اگر کرن جوہر کی فلم’’ اے دل ہے مشکل ‘‘ریلیز ہوئی ، تو وہ تھیٹر میں کام نہیں کریں گے۔ یونین کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر اس فلم کو ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ یونین نے واضح طور پرکہا ہے کہ مہاراشٹر کے تمام بڑے شہروں کے ملٹی پلیکس میں ان کی یونین ہے اور وہ سب جگہ کام روک دیں گے۔خیال رہے کہ راج ٹھاکرے کی پارٹی ایم این ایس نے دھمکی دی تھی کہ جب تک فلم میں فواد خان رہیں گے، فلم ریلیز نہیں ہونے دی جائے گی۔ ایم این ایس نے فلم ریلیز ہونے پر ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں توڑ پھوڑ کی بھی  دھمکی دی ہے۔

مزید : تفریح