القاعدہ اور داعش نائن الیون طرز کے حملے کی تیاری کررہے ہیں،دہشت گردی کے خلاف وہ سب کیا جائے گا جس کی ضرورت ہوگی: امریکی وزیربرائے سلامتی
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکا کی سیکریٹری برائے سلامتی الین ڈیوک نے کہا ہے کہ داعش اور القاعدہ نائن الیون طرزکے حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں اپنی ہم منصب امبرروڈ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے الین ڈیوک کا کہنا تھا کہ 11ستمبر2001 میں القاعدہ نے مسافر جہاز کو جس طرح دہشت گردی کیلئے استعمال کیا وہ ناقابل فراموش ہے ، اس حملے میں تقریبا 3 ہزار سے زائد لوگ مارے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروپ اپنی شناخت برقرار رکھنے کیلئے مختلف علاقوں میں چھوٹے چھوٹے حملے کررہے ہیں، یہ چھوٹے حملے کسی بھی وقت بڑے حملوں میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔امریکی وزیربرائے سلامتی کا کہناتھا کہ دہشت گرد دنیا میں دہشت کا ماحول قائم رکھنا چاہتے ہیں جس کے لئے نائن الیون طرز کے حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور پروپیگنڈا کو روکنے کیلئے انٹرنیٹ کو کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے جس کیلئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔الین ڈیوک نے کہا کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا کی کمپنیوں کے ساتھ جی سیون وزرائے داخلہ کے ساتھ ملاقات نہایت فائدہ مند ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف وہ سب کیا جائیگا جس کی ضرورت ہوگی۔