پنجاب پروانشل کواپریٹو بینک لمیٹڈ نے 1383 ملین روپے کی وصولی کر لی
لاہور(پ ر) پنجاب پروانشل کواپریٹو بینک لمیٹڈ نے غیر فعال قرضہ جات کی مد میں یکم جولائی 2016ء تا 17اکتوبر 2017 ء تک 1382.75 ملین روپے کی وصولی کی ہے۔ اس کا اظہار صدر / چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک محمد ایوب نے رجسٹرار کوآپریٹوز پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کو بینک کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ بینک نے خریف 2017ء کیلئے چھوٹے کاشتکاروں میں 1598.866 ملین روپے کے قرضہ جات جاری کیے اور فصل ربیع 2016-17ء کی وصولی کی مد میں 99 فیصد کے حساب سے 1645.201 ملین روپے کی وصولی کی اب بینک 14 اکتوبر 2017ء سے فصل ربیع 2017-18ء کیلئے کوآپریٹو سوسائٹیز کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں میں ان کی زرعی ضروریات کیلئے 2500 ملین روپے کے قرضہ جات جاری کر رہا ہے۔ صدر بینک نے اس موقع پر بتایاکہ بینک اس وقت کوآپریٹو سوسائٹیز کے علاوہ ذاتی حیثیت میں برائے خرید ٹریکٹر و دیگر زرعی آلات، لائیو سٹاک، گولڈ لون اور دیگرسکیموں کے ذریعے قرضہ جات جاری کر رہا ہے اور اس مد میں بینک سالانہ 10 ارب روپے سے زائد کے قرضہ جات جاری کر رہا ہے ۔
رجسٹرار کوآپریٹوز پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ امداد باہمی اور بینک افسران کو چاہیے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق قرضہ جات اور وصولی کے کام کو بروقت مکمل کریں۔