بینکوں کے پے منٹ کارڈز کی تعداد میں ایک سال کے دوران 8.8 فیصد اضافہ

بینکوں کے پے منٹ کارڈز کی تعداد میں ایک سال کے دوران 8.8 فیصد اضافہ

  

کراچی (اکنامک رپورٹر) ایک سال کے دوران بینکوں کی جانب سے جاری کردہ پے منٹ کارڈز کی تعداد میں 8.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور جون 2017ء کے اختتام پر ملک میں جاری کئے گئے پے منٹ کارڈز کی تعداد 36.6 ملین تک بڑھ گئی جبکہ جون 2016ء کے اختتام پر یہ تعداد 33.6 ملین ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس طرح جولائی 2016ء تا جون 2017ء کے دوران صارفین کو بینکاری کی سہولتوں میں آسانی کیلئے 3 ملین نئے کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بینکوں نے صارفین کو 17.9 ملین ڈیبٹ کارڈ جاری کئے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر جاری کئے گئے پے منٹ کارڈز میں ڈیبٹ کارڈز کا حصہ 48.7 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اے ٹی ایم کارڈز کی تعداد 8.05 ملین اور ان کا تناسب 22 فیصد ہے جبکہ کریڈٹ کارڈز کا تناسب 3.5 فیصد اور ان کی تعداد 1.3 ملین ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں جاری کئے گئے سوشل ویلفیئر کارڈز کی تعداد 9.11 ملین اور ان کا تناسب 24.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پے منٹ کارڈز کی تعداد میں اضافہ سے صارفین کو بینکاری کی سہولیات تک آسان رسائی کی فراہمی کے حوالے سے ملک میں کام کرنے والے مالیاتی ادارے اور بینک جامع پالیسی کے تحت اقدامات کر رہے ہیں۔

مزید :

کامرس -