وزیراعلیٰ کی ٹوئٹر پر امام الحق کے کھیل کی تعریف
ابوظہبی(نیٹ نیوز)سری لنکا کیخلاف اپنے پہلے میں میں سنچری سکور کرنے والے امام الحق 2دن سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹوئٹر اور فیس بک پر موضوع گفتگو ہیں۔ ان کا نام بدھ اور جمعرات کے روز ٹاپ ٹرینڈز میں رہا ۔پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ان کے بارے میں ٹویٹ کیا کہ 'ایسے ڈیبیو کا خواب ہی دیکھا جاسکتا ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹویٹ کی امام الحق دوسرے پاکستانی بیٹسمین ہیں جنھوں نے اپنے پہلے ایک روزہ میچ میں سینچری سکور کی ہے۔ عمر اکمل نے ٹویٹ کر کے امام الحق کے لیے 'ویل بیٹڈ' کے الفاظ استعمال کیے۔سیاسی مصروفیات میں گھرے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف بھی امام الحق کی کارکردگی کو نظر انداز نہ کر سکے اور انھوں نے ٹویٹ کیا 'نوجوان اور باصلاحیت امام نے کیا شاندار کھیل پیش کیا ہے ۔ لوگوں نے امام الحق کے عینک لگا کر کرکٹ کھیلنے پر بھی باتیں کیں ۔ایک اور دلچسپ بحث جو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پر کی جا رہی ہے وہ امام الحق کی با اعتماد 'باڈی لینگویج' اور انگریزی میں گفتگو ہے۔ میچ کی اختتامی تقریب میں جب ان سے کمنٹیٹر نے اردو میں سوال کیا تو امام الحق نے اسکا روانی سے انگریزی میں جواب دیا جس کے بعد اگلے سوالات ان سے انگریزی میں ہی کیے گئے ۔