سپاٹ فکسنگ میں مزید 3پاکستانی کرکٹرز کے ملوث ہونے کا انکشاف
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران فکسنگ میں ملوث تین پاکستانی کھلاڑیوں کے نام سامنے آنے کے بعد ان کے خلاف کیس کھولنے پر غور شروع کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف سپاٹ فکسنگ کا الزام ثابت ہوا تھا لیکن بنگلہ دیش بورڈ نے تحقیقات کو دبا دیا تھا۔ کیس کے تانے بانے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں سے ملتے ہیں ۔پی سی بی کے ایک اعلیٰ افسر نے اس حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو خط بھی لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فکسنگ میں ملوث پاکستانی کرکٹرز کے خلاف پی سی بی کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کے خلاف کیس ری اوپن کرکے تحقیقات کرے گا اور اگر پاکستانی کھلاڑی فکسنگ میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس کیس پر180 دن میں کارروائی کرسکتا ہے۔