ٹیچنگ ہسپتالوں کی پرائیو یٹا ئزیشن نہیں کی جا رہی
لاہور(جنرل رپورٹر)محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ کسی ٹیچنگ ہسپتال کی نہ تو نج کاری کی جارہی ہے اور نہ ہی پرائیوٹائزیشن کی کوئی پالیسی زیرغور ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں کینٹین، پارکنگ اور سیکورٹی کا انتظام گزشتہ کئی برسوں سے آؤٹ سورسنگ پر چل رہا ہے اور اب مزید کچھ خدمات آؤٹ سورس کی جارہی ہیں جن میں ہسپتالوں میں صفائی(جنیٹوریل سروس) ، لانڈری، الیکٹریکل فکسیشن ، پلمبنگ اور لفٹس وغیرہ کنٹریکٹرز کو آؤٹ سورس کی جارہی ہیں تاکہ ان کی بہتر طور پر مینٹینس ہوسکے اور بروقت خرابیوں کو دور کرکے ہسپتالوں کا نظام بہترطور پر چلایا جاسکے۔ترجمان نے کہا کہ جنیٹوریل سروس جن ہسپتالوں میں آؤٹ سورس کی گئی ہیں وہاں صفائی کے معیار میں بہت بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نان کلینیکل شعبوں کی آؤٹ سورسنگ کا مقصد ہسپتالوں کے نظام کو بہتر سے بہتر بنا کر مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے آؤٹ سورسنگ اور پرائیویٹائزیشن کے درمیان واضح فرق کو جانے بغیر سرکاری ہسپتالوں کی نج کاری یا پرائیوٹائزیشن کی افواہیں پھیلانا حقیقت کے منافی اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔