حکومت ایف بی آر کی جانب سے ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ واپس لے،عابد صدیقی
لاہور(پ ر) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت ایف بی آر کی طرف سے 730 کے قریب اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 10 سے 80 فیصد تک اضافہ کا نوٹیفکیشن فوری واپس لے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارہ کو کم کرنا کے لئے عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ مہنگائی نے عام شہری کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک طوفان آ جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے 300 اشیاء کی درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا تھا۔ اب ایف بی آر نے 730 اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 10 سے 80 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے، یہ دس روز میں دوسرا منی بجٹ ہے۔ حکومت اپنے اخراجات میں کمی کی بجائے تجارتی خسارے میں کمی کیلئے ایسے عوام دشمن اقدامات سے گریز کرے۔