غریب آدمی پارٹی کا درآمدی اشیا پر ریگو لیٹر ی ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ
لاہور ( نمائندہ خصوصی ) غریب آدمی پارٹی نے حکومت کی جانب سے منی بجٹ کے تحت عوام کے روز مرہ استعمال کی 731 درآمدی اشیاء پر 80 فیصد تک ریگو لیٹر ی ڈیوٹی نافذ کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے ۔گزشتہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے غریب آدمی پارٹی پا کستا ن کے صدر شہباز ابن علی نے کہا کہ جمہوریت اور عوام کو خوشحال بنانے کا راگ الاپنے والی حکومت نے عوام کے سانس لینے کے علاوہ ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا ہے منی بجٹ حکومت کی بد ترین کارکردگی اور نا کامی کی عکاسی کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چار سال سے زائد عرصے کے دوران 14 ہزار 8 سو ارب روپے کا قرض لیا ہے لیکن بد قسمتی سے غریب عوام کو لوڈشیڈنگ ، مہنگائی اور بے روز گاری سمیت دیگر مسائل سے نجات نہیں ملی بلکہ ان میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو جھولیاں بھر بھر کے ووٹ دینے والی غریب عوام اب جھولیاں اُٹھا اُٹھا کر ظالم اورکرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے دُعائیں مانگ رہے ہیں ،حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوام الناس کی زندگی کو اجیرن بنانے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرتے ہو ئے درآمدی اشیاء پر 80 فیصد تک ریگو لیٹر ی ڈیوٹی نافذ کرنے کا ظالمانہ فیصلہ واپس لے۔