آئین کے تحت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں،خلیل طاہر
لاہور( لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے دنیا بھر کی ہندو برادری بالخصوص پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے مسلمان ، سکھ، ہندو ، مسیح ، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے شہری ہیں اور آئین پاکستان کے تحت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ دیوالی کا تہواراتحاد اور یکجہتی کیساتھ خدمت کا احساس بیدار کرتا ہے اوریہ تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ دیوالی صرف پٹاخوں وغیرہ کی نشانی نہیں بلکہ ہندوبرادری کا یہ تہوار زندگی کی خوشیوں اورجوش و جذبے کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کو اس تہوار کے موقع پر اپنے مسلمان بھائیوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے اور گزشتہ روز کوئٹہ میں دہشتگردی کی کارروائی کے بعد اس تہوار کو سادگی سے منایا جائے تاکہ کسی کی دل شکنی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سماجی، معاشی اور سیاسی میدان میں ہندو برادری کا کردار قابل تحسین ہے اوراگر ہم ایک دوسرے کے غم بانٹیں گے اور خوشیوں میں شریک ہونگے تو بھائی چارے، اخوت اور امن کا پیغام عام ہو گا۔