انسٹی ٹیوٹ فارپالیسی ریفارمز کی تازہ اقتصادی جائزہ رپورٹ انتہائی تشویش ناک ہے،شاہد صدیق
لاہور( نمائندہ خصوصی)سر براہ میڈیا سیل تحریک انصاف پنجا ب ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے کہا ہے کہ بیرونی قرضوں کے حجم میں ہوشربا اضافے کے حوالے سے انسٹی ٹیوٹ فارپالیسی ریفارمز کی تازہ اقتصادی جائزہ رپورٹ انتہائی تشویش ناک اور حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کی عکاس ہے۔حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں اورشاہانہ اخراجات کے باعث پاکستان پر واجب الادابیرونی قرضے72.98ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک طرف عوام پرقرضو ں کے پہاڑ کھڑے کردیئے ہیں ۔
جبکہ دوسری جانب رہی سہی کسرلوٹ ماراور کرپشن کے باعث قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاکرپوری کردی گئی ہے۔عوام کو ریلیف کے نام پر سبزباغ دکھائے جارہے ہیں۔بھاری سود پر قرضے حاصل کرکے عوام کی حالت زارکبھی بدل نہیں سکتی۔حکومت کی سرپرستی میں چلنے والے اداروں کے قرضہ جات823ارب روپے ہوگئے ہیں جس میں سب سے زیادہ قرضہ پی آئی اے122.6ارب ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ دنیاکی تاریخ میں ایک بھی مثال ایسی نہیں ملتی جس میں امداد اور قرضے حاصل کرکے کسی ملک وقوم نے ترقی کی منازل طے کی ہوں۔