نجران دراندازی کی کوشش ناکام ، سعودی فورسز کی کاروائی ،20حوثی باغی ہلاک
نجران (این این آئی)سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے نجران کے نزدیک سرحدی علاقے میں ایک خصوصی کارروائی کی ہے اور اس میں یمن کے حوثی شیعہ باغیوں اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا کے بیس جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی فورسز نے حوثی ملیشیا کی سعودی عرب اور یمن کے درمیان سرحدی علاقے کی جانب پیش قدمی کی سازش ناکام بنا دی ہے ۔حوثی جنگجو سعودی فوج کے زیر قبضہ علاقوں کی جانب حملے کے لیے آرہے تھے لیکن ان کی دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔سعودی انفینٹری نے حوثی ملیشیا کے عناصر کو روکنے کے لیے اچانک حملہ کیا تھا اور اپاچی ہیلی کاپٹروں سے بھی ان پر فائرنگ کی گئی ہے۔سعودی فورسز کی اس کارروائی میں یمن کی باغی ملیشیاؤں کے بیس سے زیادہ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں اور ان کی متعدد گاڑیوں کو گولہ باری سے ہدف بنا یا گیا ہے۔