کوٹلی آزاد کشمیرکے سید ساجد علی بخاری مقبوضہ کشمیر کی جیل میں قید
سری نگر(کے پی آئی) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارت اور جموں کشمیر کی جیلو ں میں مقید افراد کی حالت زار پر سخت فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی اسیر پچھلی کئی دہائیوں سے جیلوں میں بند پڑے ہیں اور ان کا کوئی بھی پرسان حال نہیں ہے۔ کوٹلی کے سید ساجد علی بخاری کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ جے کے ایل ایف سے وابستہ اس شخص نے اپنی زندگی کے سال جیلوں میں گزار لئے ہیں اور اگرچہ اس کے سارے کیس ختم ہوچکے ہیں اور اس نے اپنی مدت اسیری بھی کب کی ختم کی ہے اسے رہا کردینے کے بجائے غیر قانونی طور پر جیلوں میں ہی سڑایا جارہا ہے۔اس شخص کو بھارت کی تقریبا ہر جیل میں رکھا گیا اور وارانسی جیل سے سنگرور جیل میں رکھنے کے بعد حال ہی میں کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسیر کئی جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہے اور اسے طبی سہولیات سے بھی محروم رکھا جارہا ہے ،سید ساجد علی بخاری کی حالت زار اور برسہابرس تک انہیں جیل میں رکھنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یاسین ملک نے انٹرنیشنل ریڈ کراس اور دوسری انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قیدی کی حالت زار پر توجہ مبذول کریں اور اسے بھارتی ظلم و جبر سے بچانے کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال میں لائیں۔