ترکی کا مشن سچ کی خدمت کرنا اور مظلوموں کی آواز بننا ہے، بن علی یلدرم

ترکی کا مشن سچ کی خدمت کرنا اور مظلوموں کی آواز بننا ہے، بن علی یلدرم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

انقرہ (اے پی پی) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ترک ریڈیو اور ٹیلی ویژن کارپوریشن عالمی سطح پر مظلوموں کی آواز ہے۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق ٹی آر ٹی ورلڈ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ٹی آر ٹی ورلڈ صائب خبروں کے ساتھ انسانوں کو حقیقت سے آگاہ کرنے اور مظلوموں کی آواز بننے کے مقصد کے تحت قائم کیا گیا ہے۔یلدرم نے کہا کہ ٹی آر ٹی ورلڈ ، میڈیا کے بارے میں موجودہ نظریے پر اعتراض کے طور پر وجود میں آیا ہے۔ یلدرم نے کہا کہ خبر رسانی میں شدید ناانصافی کا سامنا کرنے والے ملک کی ایک سیاسی پارٹی کے رکن کی حیثیت سے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ خبر رسانی میں صرف اور صرف حقیقت کو بیان کرنا کافی ہوتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ترکی کا مشن سچ کی خدمت کرنا اور مظلوموں کی آواز، عقل اور وجدان بننا ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ ٹی آر ٹی ورلڈ گلوبل معنوں میں یہ کام نہایت احسن طریقے سے کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی تہذیبی ورثے کے ساتھ ایک وسیع جغرافیہ میں پھیلے برادرانہ روابط کے ساتھ براعظموں کو ایک دوسرے سے منسلک کرتا ہے۔
اور عالمی وجدان کی شکل میں آگے بڑھ رہا ہے اور بڑھنا جاری رکھے گا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اور حکومتی ترجمان بکر بوز داع نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹی آر ٹی ایک ایسا نشریاتی ادارہ ہے کہ جس کا مرکز توجہ انسان ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی خبر رسانی اور نشریات میں ٹی آر ٹی ورلڈ ایک مختلف طرز اور آواز کو سامنے لایا ہے اور ایک ایسے آئینے کی حیثیت رکھتا ہے کہ جس کا کام صرف اور صرف حقیقت کو منعکس کرنا ہے۔ٹی آر ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ابراہیم ایرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں، مفکرین ، ماہرین تعلیم اور سیاست دانوں کی شرکت سے ٹی آر ٹی ورلڈ فورم ہر سال منعقد ہو گا اور بین الاقوامی مباحثی پلیٹ فورم کی تشکیل کرے گا۔ایرین نے کہا کہ ٹی آر ٹی کی انگریزی نشریات دینے والا یہ چینل خبر رسانی میں ایک تازہ سانس بننے اور ایک نئے نقطہ نظر کو قائم کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -