ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ہمارا مشن ، سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرینگے : چیئر مین نیب
اسلام آباد (این این آئی)نیب کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے واضح کیا ہے کہ بد عنوانی کا ملک سے خاتمہ ہمارا مشن ہے اور اس کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ، نیب قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا، سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا،عدالتی فیصلے کی روشنی میں ہمیشہ اُردو میں خطاب کروں گا اور قومی زبان اُردو کے فروغ کیلئے نیب میں ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، نا اہل اور بد عنوان افسران ٗ اہلکاروں کے خلاف زیر و ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائیگی ، دیانتدارٗ قابل اورفرض شناس افسروں کی حوصلہ افزائی کرینگے ، مجھ سمیت کوئی بھی افسر ، اہلکار قانون سے بالاتر نہیں ، نیب میں محنت ، میرٹ ، شفافیت اور قانون پر مکمل عملدر آمد یقینی بنایا جائیگا ۔و ہ گزشتہ روز نیب کے شعبہ ہیومن ریسورس (ایچ آر ایم) کی کارکردگی کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں جائزہ لے رہے تھے انہوں نے کہا کہ نا اہل اور بدعنوان افسران /اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی، محنتی، دیانتدار، قابل اور فرض شناس افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افسران/اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کوئی افسر/اہلکار قانون سے بالاتر نہیں جہاں قانون ہمیں اختیار دیتا ہے وہاں قانون ہمیں اختیارات کے غلط استعمال سے روکتا ہے اور خود احتسابی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں روٹیشن کی پالیسی، ترقی اور تعیناتی کیلئے میں نہ تو کوئی دباؤ اور سفارش برداشت کروں گا بلکہ نیب میں محنت، میرٹ، شفافیت اور قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ادارے افراد سے بنتے ہیں اگر افراد اداروں کی بہتری کیلئے مل جل کر کام کریں گے تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہمارا وطن عزیز پاکستان بدعنوانی سے پاک نہ ہو۔ اجلاس میں امتیاز تاجور ڈپٹی چیئرمین نیب نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین نیب