دہشتگردی کا صفایا کر دیا ، تمام محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں : پاکستان

دہشتگردی کا صفایا کر دیا ، تمام محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں : پاکستان

اسلام آباد(این این آئی)ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہاہے کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کرکے دہشت گردی کا صفایا کردیا ہے دہشت گردوں کی تمام محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں ٗمقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے، ماورائے عدالت قتل عام اور اجتماعی قبروں کی دریافت ہوچکی ہے ٗ عالمی برادری نوٹس لے ۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہی ہے گزشتہ چند روز میں درجنوں نہتے کشمیریوں کو شہید کیاگیا ،سیاسی رہنماؤں کو گرفتار اور نظربند کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے، ماورائے عدالت قتل عام اور اجتماعی قبروں کی دریافت ہوچکی ہے بھارت ان سب پہلوؤں سے نظر ہٹانے کے لئے ائن آف کنٹرول پر دراندازی اور پھر پاکستان پر الزامات عائد کرتا ہے۔ پاکستان نے دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی اور دہشت گردی کا صفایا کردیا ،دہشت گردوں کی تمام محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں، بازیاب کینیڈین جوڑے کو بھی افغانستان میں ہی اغوا کیا گیا تھا۔ عمان میں 4 فریقی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی، انہوں نے قیام امن سے متعلق بہترین مؤقف پیش کیا۔ اس کے علاوہ امریکی حکام سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن پر بھی ملاقاتیں ہوئیں جس کے نتیجے میں امریکی وفد نے پاکستان کو دورہ کیا اور امریکہ سے تعلقات میں بہتری آئی۔ پورے ملک کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں یہ کامیابی دفترخارجہ کے اقوام متحدہ کے افسروں، سیکرٹری خارجہ کی حکمت عملی اور بیرون ملک تعینات پاکستانی سفرا کی کاوشوں سے ہی ممکن ہوئی۔

دفتر خارجہ

مزید : علاقائی