محکمہ صحت کے پرکشش پروگرام ، ڈاکٹرز کی بڑی تنخواہوں کیلئے عہدوں سے لمبی چھٹیاں : حکام خاموش
لاہور(جاوید اقبال)ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ میں تعینات نامور ڈاکٹرز لمبی چھٹیاں حاصل کر کے بھاری تنخواہوں پر بڑے منصوبوں میں خدمات سرانجام دینے لگے، محکمہ صحت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے ڈی جی آفس ایک پوسٹ آفس کا درجہ اختیار کر گیا،حکومت نے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا، معاملے کی تحقیقات کر ائیں گے اگر کہیں ہیرا پھیری یا بدنیتی پائی گئی تو ایکشن ہو گا، وزیر صحت پرائمری سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر۔ ذرائع کے مطابق جو افسر70ہزار سے سوا لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لیتے تھے ڈی جی آفس سے چھٹی لے کر محکمہ صحت کے مختلف منصوبوں میں تعیناتیاں کروا تین لاکھ سے چھ لاکھ روپے ماہوار تنخواہ لے رہے ہیں جبکہ اضافی مراعات اس کے علاوہ ہیں دوسری طرف جن منصوبوں میں محکمہ صحت کے آفیسر گئے ہیں وہاں ان کی صوابدید پر اربوں روپے کے فنڈز بھی ہیں جنہیں جہاں چاہیں خرچ کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سوا لاکھ روپے ماہوار تنخواہ حاصل کرنے والے گریڈ 20 کے سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختار شاہ لمبی رخصت حاصل کرکے محکمہ صحت کے زیر اہتمام چلنے والے ماں بچہ پروگرام میں چلے گئے جہاں سے وہ 5لاکھ روپے ماہوار لے رہے ہیں اور ماں بچہ پروگرام منصوبے میں16ارب روپے کے فنڈز موجود ہیں۔ محکمہ صحت کی زاہد سرور ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام میں چلی گئی ہیں محکمہ سے ایک لاکھ روپے تنخواہ لے رہی تھیں اب رخصت پر ہیں اور مذکورہ پروگرام میں ان کی ماہانہ تنخواہ5سے 6لاکھ روپے ہے جبکہ اس پروگرام کاسالانہ فنڈ 3ارب روپے ہے۔گریڈ 18کی ڈاکٹر درخشاں ٹی بی پروگرام میں چلی گئیں جہاں سے 5لاکھ ماہوار تنخواہ لے رہی ہیں، اسی طرح کرپشن کی بنیاد پر محکمہ صحت سے نکالے گئے سیکشن آفیسر کو چلڈرن ہسپتال تعینات کیا گیا تو سابق ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن پرائمری ہیلتھ عدنان نے اسے رخصت دی اور بعدازاں پرائمری ہیلتھ کا پرکیورمنٹ سیکشن اس کے حوالے کر دیا اور 40ہزار روپے ماہوار تنخواہ حاصل کرنیوالا 3لاکھ روپے ماہوار پر کیورمنٹ سیل پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کاسربراہ بنا ہے اور اربوں روپے کی خریداری کر رہا ہے۔ڈرگ انسپکٹر اور فارماسسٹ کے طور پر تعینات رہنے والے محمد شہباز کی 35ہزار روپے ماہوار تنخواہ تھی محکمہ سے رخصت لے کر پرائمری ہیلتھ کے پرکیورمنٹ میڈیسن سیل میں ڈھائی لاکھ روپے ماہوار پر ملازم ہے۔ اس حوالے سے وزیر صحت پرائمری سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کر ائیں گے اگر کہیں ہیرا پھیری یا بدنیتی پائی گئی تو ایکشن ہو گا۔
پرکشش پروگرام