سکول ایجوکیشن اتھارٹیز کی نااہلی سے 13اضلاع کے طلبہ پریکٹیکل کاپیوں سے محرم رہ گئے

سکول ایجوکیشن اتھارٹیز کی نااہلی سے 13اضلاع کے طلبہ پریکٹیکل کاپیوں سے محرم ...

  

لاہور(حافظ عمران انور) سکول ایجوکیشن اتھارٹیز کی نااہلی کے باعث پنجاب کے 13اضلاع کے طلبہ پریکٹیکل کاپیوں سے محروم رہ گئے ہیں۔ پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ نے اکیڈمک سیشن 18۔2017 ء کے لئے 13اضلاع میں نویں اور دسویں کے طلبہ کے لئے پریکٹیکل نوٹ بکس پہنچا دیں۔ پی ایم آئی یو نے اٹک، چنیوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، جھنگ، قصور، خانیوال، منڈی بہاء الدین، ملتان، مظفر گڑھ، پاکپتن اور راولپنڈی کے سی ای اوز ایجوکیشن کو متعلقہ اضلاع کے وئیر ہاؤسز سے پریکٹیکل نوٹ بکس وصول کر کے سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے طلبہ میں فوری طور پر تقسیم کرنے کے لئے مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔پی ایم آئی یو نے پنجاب کے 13اضلاع کی سکول ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ میں مذکورہ اتھارٹیز کے سی ای اوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے اضلاع کے وئیر ہاؤسز سے نویں اور دسویں کے طلبہ کے لئے بھیجی گئی پریکٹیکل نوٹ بکس کو متعلقہ سیکنڈری اور ہائر سیکنڈی سکولوں کے طلبہ میں تقسیم کریں ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت ہر سال صوبے کے تمام اضلاع میں سکولوں کے طلبہ میں نصابی کتابیں اور پریکٹیکل نوٹ بکس مفت فراہم کرتی ہے،نصابی کتابیں اور پریکٹیکل نوٹ بکس بیک وقت تمام اضلاع میں فراہم کی جاتی ہیں ۔لیکن رواں سال سکول ایجوکیشن اتھارٹیز کے مکمل طور پر فعال نہ ہونے سے 13اضلاع میں پنجاب حکومت کی طرف سے بھیجی گئی پریکٹیکل نوٹ بکس طلبہ تک تا حال نہیں پہنچ سکیں جس پر پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ نے 13اضلاع کے سی ای اوز کو متعلقہ اضلاع کے وئیر ہاؤ سز سے پریکٹیکل نوٹ بکس وصول کر کے ہائر اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں تقسیم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ پریکٹیکل کاپیاں نہ پہنچنے والے اضلاع میں اٹک، چنیوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، جھنگ، قصور، خانیوال، منڈی بہائالدین، ملتان، مظفر گڑھ، پاکپتن اور راولپنڈی شامل ہیں۔

پریکٹیکل کاپیاں

مزید :

صفحہ آخر -