کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی:عنایت اللہ
شبقدر( نمائندہ خصوصی)شبقدر میں صوبائی وزیر بلدیات عنائت اللہ خان نے ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی واحد سیاسی و مذہبی جماعت ہے جس پر کسی شخص یا خاندان کا قبضہ نہیں ۔جبکہ کسی پانامہ یا کرپشن کیس میں جماعت کا کوئی عہدیدار ملوث نہیں ۔ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے جمہوری جدوجہد کر رہی ہیں ۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی سب سے بڑا ناسور بن چکا ہے۔ جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کر دی ہیں اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ نے تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں صوبے کے حقوق کی بات ہے تو جماعت اسلامی نے خیبر پختون خواء کے حقوق کے حصول کیلئے عملی کردار ادا کیا ہے اور سابقہ دور میں مرکز سے 120ارب روپے وصول کر پائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیات کے وزارت میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے اور انتہائی ذمہ داری سے ادا کر رکھی ہیں انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے جو گذشتہ ادوار میں حسارے کا شکار تھی آج ایک مستحکم ادارہ بن کر ابھر چکا ہے ۔ عنائت اللہ خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک میں انصاف اور قانون کی بالادستی کیلئے قربانیاں دی ہیں یہی وجہ ہے کہ آج مختلف سیاسی جماعتوں سے ہزاروں افراد جماعت اسلامی میں شمولیت کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی محمد ریاض خان اور امیر تحصیل شبقدر حاجی بخت محمد خان نے بھی خطاب کیا ۔ شمولیتی جلسے میں ممتاز مذہبی اور سید گھرانے ھاجی اسلام شاہ باچہ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔