واپڈا پیغام یونین کا الحاج لیاقت علی خان کی حمایت کا اعلان
پشاور(کرائمز رپورٹر)واپڈا پیغام یونین پشاور نے آزاد امیدوار حلقہ این اے 4 الحاج لیاقت علی خان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں صوبائی چئیرمین واپڈا پیغام یونین ارباب الطاف کی سربراہی میں وفد نے صدر ملی مسلم سیف اللہ خالد سے ملاقات کی۔ وفد میں واپڈ پیغام یونین کے جنرل سیکرٹری اصغر خٹک، سیکرٹری نواز علی شاہ، وائس چیئرمین قاضی فرقان، وائس چیئرمین احسان اللہ، زونل چیئرمین سرکل ذوالفقار علی، چیئرمین ڈویڑن پشاور سنگین خان، جنرل سیکرٹری خیبر سرکل عمران خان و دیگر رہنماوں شریک تھے۔ اس موقع پر آزاد امیدوار حلقہ این اے 4 الحاج لیاقت علی خان، مرکزی رہنما نصر جاوید، یاور آفتاب، انعام اللہ نے واپڈا پیغام یونین پشاورکے وفد کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران ارباب الطاف کا کہنا تھا کہ ہماری پوری یونین نے ملی مسلم لیگ کے منشور اور خدمت کی سیاست کو دیکھتے ہوئے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے، میں اور ہماری پوری یونین کے ووٹرز 26 اکتوبر کو تھرماس پر مہر لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بنے ستر برس ہو چکے اور اس ملک کا بچہ بچہ علامہ اقبال اور قائد اعظم کا پاکستان چاہتا ہے لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ پاکستان لوٹنے والوں نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ ملی مسلم لیگ کے سیاست میں آنے سے اب ایک پھر امید جاگ گئی ہے کہ اب قائد اعظم کا پاکستان بنے گا۔ سیف اللہ خالد صدر ملی مسلم لیگ کا گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ واپڈا پیغام یونین نے ہماری حمایت کا اعلان کیا ہے ہم ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان کو علامہ اقبال کے فرمودات اور بانی پاکستان کے فرامین کے مطابق نظریاتی مملکت بنائیں گے جس کی نظریاتی سرحدیں مضبوط ہوں۔ ماضی میں نظریہ پاکستان سے کھیلا گیا، نظریئے کو نصاب سے نکالا گیا اور لبرل ازم کو لانے کی سر توڑ کوششیں کی گئیں۔ ہم ہر اس مشن کا راستہ روکیں گے جو پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی حدود کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا پیغام یونین اور ہماری حمایت کرنے والوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ ہم بقائے پاکستان کے لئے نظریہ پاکستان کو آگے بڑھائیں گے۔خدمت انسانیت کے عمل کو پروان چڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا پیغام یونین نے جو اعتماد، محبت دی اس پر پورا اتریں گے اور پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔ ملک کی ترقی، خوشحالی کے لئے کام کریں گے۔ معاشی ترقی کی راہیں کھولیں گے۔