باچا خان یونیورسٹی کو ملک کا بہترین درسگاہ بنانا اولین ترجیح ہے ،وی سی

باچا خان یونیورسٹی کو ملک کا بہترین درسگاہ بنانا اولین ترجیح ہے ،وی سی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چارسدہ (بیورو رپورٹ) باچا خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ثقلین نقوی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کو ملک کا بہترین در سگاہ بنانا مشن ہے ۔ یونیورسٹی میں تدریسی امور کے ساتھ ساتھ طلباء کی کر دار سازی پر بھی بھر پور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وطن عزیز کو بہترین قیادت میسر ہو سکے ۔ باچا خان یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو کر دار اور گفتار کے غازی بنا کر پیش کرینگے ۔ وہ چارسدہ پریس کلب کے صدر سبز علی خان ترین کی قیادت میں پریس کلب کابینہ سے اپنے دفتر میں بات چیت کر رہے تھے ۔اس موقع پر چارسدہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری احسان شیر پاؤ ، نائب صدر کفایت اللہ یوسفزئی ، سیف اللہ جان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ثقلین نقوی نے کہا کہ باچا خان یونیورسٹی میں ماضی کے برعکس تمام تعیناتیاں میرٹ کے بنیاد پر کئے جائینگے ۔ باچا خان یونیورسٹی کو ملک کا بہترین درسگاہ بنا نا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کے لئے تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلباء کی کر دار سازی پر بھی بھر پور توجہ دی جا رہی ہے جبکہ ساتھ ساتھ طلباء کو کھیل کھود کی سر گرمیوں میں حصہ لینے کیلئے بھی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ تدریسی عملہ اور طلباء کے مابین بہترین ہم آہنگی پیدا کی جائیگی اور اس حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی دنیا میں سیاسی نشیب و فراز سے نمٹنے اور خطے میں جاری دہشت گردی کے بدترین لہر سے نبرد آزما ہونے کیلئے طلباء غیر ضروری اور منفی سر گرمیوں سے اجتناب کریں ۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی انتظامیہ ممکنہ خطرناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی اور مثبت سوچ کے ساتھ پوری طرح مستعد ہے ۔ انہوں نے کہاکہ باچا خان یونیورسٹی کے قیام سے یہاں کے طلباء کو علمی تشنگی اور پیاس بجانے کیلئے بہترین مواقع دستیاب ہو چکے ہیں اور اب والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے بچوں کو جدید علوم سے بہرہ ور کرنے کیلئے باچا خان یونیورسٹی بھیج دیں۔