ایف آر کوہاٹ میں 8کروڑ 74لاکھ روپے لاگت کے 8منصوبوں کی منظوری

ایف آر کوہاٹ میں 8کروڑ 74لاکھ روپے لاگت کے 8منصوبوں کی منظوری

پشاور( سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنرکوہاٹ/پولٹیکل ایجنٹ ایف آر کوہاٹ خالد الیاس نے ایف آر کوہاٹ میں 8کروڑ 74لاکھ روپے لاگت کے 8منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کوان منصوبوں پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اوران پرواضح کیاہے کہ منصوبوں کے کام کے معیار اور ان کی مدت تکمیل پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ یہ منظوری انہوں نے اپنے دفترمیں منعقدہ اجلاس میں دی جس میں دوسروں کے علاوہ اسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ ایف آر کوہاٹ، ڈیویلپمنٹ آفیسرفاٹا اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی ہدایت کی۔اجلاس میں منصوبوں کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور ان کی اہمیت و افادیت کو مد نظر رکھنے کے بعد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ فاٹا سیکرٹریٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور وہاں سے فنڈز کی بروقت ریلیز یقینی بنائیں ورنہ کوتاہی کے خود ذمہ دار ہوں گے۔انہوں نے اسسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ سے کہا کہ وہ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال اور موثر بنائیں اور ہفتہ وار بنیادوں پر تمام منصوبوں کی منظورشدہ ڈیزائن اور معیار کے مطابق جائزہ لیں اور انہیں باقاعدگی سے ان کی رپورٹ دیں۔خالد الیاس نے تمام محکموں کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر منظور کردہ منصوبوں پر کام شروع کریں تاکہ ان کی بروقت تکمیل سے عوام مستفید ہوں۔انہوں نے مستقبل کے منصوبوں کے لئے بھی ابھی سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی

مزید : پشاورصفحہ آخر