حکومت آزادکشمیر کا 70ویں یوم تاسیس کو شایان شان اندازمیں منانیکا فیصلہ

حکومت آزادکشمیر کا 70ویں یوم تاسیس کو شایان شان اندازمیں منانیکا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد( بیورورپورٹ )حکومت آزادکشمیر نے 70ویں یوم تاسیس کو شایان شان انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے یوم تاسیس کے سلسلہ میں 23اکتوبر سے 30اکتوبر تک خصوصی ہفتہ منایا جائے گا جس میں مختلف تقاریب منعقد ہو ں گی یوم تاسیس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے قائمقام وزیراعظم راجہ نثار احمد خان کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر ،پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ،سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت ،سیکرٹری مالیات فرید تارڈ ،سیکرٹری پی پی ایچ خواجہ احسن ،سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل ادریس عباسی ،سیکرٹری تعلیم سکولز راجہ امجد پرویز ،سیکرٹری صنعت و تجارت طارق مسعود ،کمشنر مظفرآباد سردار ظفر محمود ،ڈائریکٹر جنرل سیاحت سردار جاوید ایوب ،ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی ڈاکٹر خالد رفیق ،ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمن ،ڈی آئی جی صاحبان اور ایس ایس پی مظفرآباد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یوم تاسیس 24اکتوبر کے موقع پردن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوگا آزاد کشمیر پولیس حسب سابق یوم تاسیس پریڈ کا انعقاد کرے گی دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعائیہ تقاریب سے ہوگا اور تمام سرکاری عمارات پر قومی پرچم لہرایا جائے گا یوم تاسیس کے سلسلہ میں خصوصی کلچرل شو منعقد کیا جائے گا اور تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کے درمیان تقریری مقابلے منعقد کیئے جائیں گے یوم تاسیس کے موقع پر نمایاں کارکردگی کے حامل پولیس آفیسران اور اہلکاران میں میڈلز تقسیم کیے جائیں گے جبکہ آزادکشمیر یونیورسٹی میں یوم تاسیس کے حوالے سے خصوصی سیمینار بھی منعقد ہو گا آزادکشمیر کے 70ویں یوم تاسیس کے موقع پر اس مرتبہ تقاریب پوراہفتہ جاری رہیں گی اس سلسلہ میں تمام محکمہ جات کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں اجلاس سے خطاب کے دوران قائمقام وزیراعظم راجہ نثار احمد خان کا کہنا تھا کہ یوم تاسیس کی تقاریب جوش و جذبے اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی جائیں گی آزادی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمارے لیے سب سے بڑی نعمت ہے ہم نے اس عظمت کی قدر کرنی ہے یوم تاسیس کی تقاریب میں تمام مکاتب فکر کو شریک کیا جائے انہوں نے کہا کہ ہماری منزل آزادی ہے آزاد کشمیر کے عوام حقیقی آزادی کا دن اس روز منائیں گے جب مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی استبداد سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا بیس کیمپ کے قیام کا مقصد ہی جدوجہد آزادی کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے یوم تاسیس کے موقع پر ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام بھارت سے آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے کشمیریوں نے بھارت سے آزادی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کے نتیجہ میں آزادی کی منزل اب زیادہ دور نہیں ہے ۔