ادویات کی پیکجنگ پر بار کوڈ ایک مستحسن قدم ہے، انجینئر معراج گل
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) این ٹی سی کے ڈائریکٹر انجینئر معراج گل کی سربراہی میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے سی او ڈاکٹر اسلم افغانی سے ملاقات کی اور مستند اور معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے ڈریپ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا ادویات کی پیکجنگ پر بار کوڈ ایک مستحسن قدم اور تاریخی کام ہے جس سے جعلی اور غیر رجسٹرڈ شدہ ادویات کے خاتمے میں بہت مدد ملے گی۔ اس اقدام سے جہاں ملکی سطح پر عوام کو معیاری اور تصدیق شدہ ادویات فراہم ہوں گی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔ملاقات میں GSI پاکستان کے سربراہ سیف الدین اور ڈریپ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور شعبہ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے ڈریپ اور این ٹی سی کے ادویات کے بارکوڈنگ کی ڈیٹا منیجمنٹ اور تکنیکی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ سی او ڈریپ نے اس موقے پر کہا کہ معیاری اور مستند ادویات کی فراہمی ڈریپ کی اولین ذمہ داری ہے ۔ جعلی اوران رجسٹرڈ ادویات کے خلاف پورے ملک میں صوبوں کے ساتھ ملکر کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اس مکروہ دھندے میں ملوث انسانیت کے دشمن ہیں۔ پورے ملک سے جعلی ا ور ان رجسٹرڈ ادویات کی لعنت کو ختم کر نا ہماری ذمہ داری ہے۔