مظفرآباد،میونسپل کارپوریشن کی نااہلی،مین عیدگاہ شاہراہ بحال نہ ہوسکی

مظفرآباد،میونسپل کارپوریشن کی نااہلی،مین عیدگاہ شاہراہ بحال نہ ہوسکی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد( بیورورپورٹ )میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کی نااہلی، دو ماہ سے عیدگاہ کی مین شاہراہ بحال نہ کی جاسکی، ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر غائب ، محکمہ کے ذمہ داران فوٹو سیشن تک محدود، سیوریج لائن کب بچھے گی اور شاہراہ کب بحال ہوگی؟ مین شاہراہ کے قریب رہائش پذیر دو ممبران اسمبلی بھی خاموش۔ حکومت بلدیہ نااہلی کا نوٹس لے، شہریوں کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن مظفرآباد نے عیدگاہ کی مین شاہراہ میں سیوریج بچھانے کیلئے ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دیا ، دو ماہ سے گورنمنٹ پائیلٹ ہائی سکول کے قریب مین شاہراہ اکھیڑ کر چھوڑ دی گئی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز مشکلات کا شکار ہیں بلکہ پیدل چلنے والے بھی مشکلات سے دوچار رہتے ہیں، میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاحال مین شاہراہ کی بحالی کیلئے متعلقہ ٹھیکیدار سے پوچھ گچھ نہیں کی۔ سڑک اکھیڑ کر ٹھیکیدار بھی غائب ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی نااہلی کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکا ر ہیں، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ فوٹو سیشن کے بجائے عملی اقدامات پر بھی توجہ دیں، میونسپل کارپوریشن من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکہ الاٹ کرتا ہے جس کی وجہ سے مسائل عوام کو بھگتنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مین شاہراہ کے قریب دو ممبران اسمبلی بھی رہائش پذیر ہیں مگر وہ بھی مستقل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ساری صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرے اور سڑک بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔