ایم9کو موٹروے کے حقیقی معیار پر لایا جائے،مجلس قائمہ مواصلات
اسلام آباد(خبرنگار)موٹروے پر مہنگی اور غیر معیاری اشیا کی فروخت کو فی الفور بند کیا جائے۔ اور کراچی تا حیدر آباد ایم -9 کو موٹروے کے حقیقی معیار کے مطابق کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات کے اجلاس میں کیا گیا۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ موٹروے پر اشیا مارکیٹ کی نسبت مہنگے داموں بیچی جاتی ہیں۔ اسی طرح بعض اشیا ، خصوصا گوشت یا چکن سے بنی ہوئی اشیا ، غیر معیاری ہوتی ہیں۔ جس پر مجلس قائمہ نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ فوری کارروائی کرتے ہوئے اس بات کا ازالہ کریں اور جلد از جلد مجلس قائمہ کو اطلاع دیں۔ اسی طرح مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ ایم-9 پر وہ سہولیات میسر نہیں جو ایم-2 اور دیگر موٹرویز پر میسر ہیں۔ کئی جگہ سے لوگ خود ہی ایم -9 کے لیے راستہ بنا لیتے ہیں ۔ اس پر مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ ایم-9 کو موٹروے کے حقیقی معیار پر لایا جائے۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ سندھ اور بلوچستان کے علاقے میں وفاقی حکومت نے کئی نئی سڑکیں اور شاہراہیں تعمیر کی ہیں۔ مگر ابھی تک وہاں پر موٹروے پولیس کو اس لیے تعینات نہیں کیا جا سکا کہ ابھی تک ضرورت کے مطابق آسامیوں کی تخلیق کے لیے فنانس ڈویژن نے منظوری نہیں دی۔ کمیٹی نے اس بات کا سخت نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ وزارت مواصلات اس معاملے میں خصوصی دلچسپی لے اور ایک ماہ کے اندر اندر رپورٹ پیش کرے۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ اگر ایک ماہ کے اندر یہ معاملہ حل نہ ہوا تو آئندہ اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور فنانس ڈویژن کو بھی اجلاس میں بلا کر جواب طلب کیا جائے گا۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ سی پیک عنقریب مکمل ہونے والی ہے مگر وزارت مواصلات اس سلسلے میں افرادی قوت کو منظم کرنے کے لیے مزید وقت مانگ رہی ہے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی لی جائے۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ لیاری ایکسپریس وے اور نادرن بائی پاس پر ابھی تک روڈ سائن نہیں لگائے گئے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ این ایچ اے اپنے فرائض کو نبھانے میں غفلت کا ارتکاب نہ کرے۔ اسی طرح موٹروے پولیس کے ملازمین کی تنخواہوں اور الانسز میں صوبوں کے مقابلے میں کم اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے صوبوں میں سے کوئی آدمی ڈپیوٹیشن پر موٹروے پولیس میں آنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ موٹروے کے ملازمین کو فی الفور وزیراعظم کی ہدایت اور منظوری کے مطابق الانس دیا جائے۔مجلس قائمہ کا اجلاس نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس کے دفتر ، G-13/3، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت، جناب محمد مزمل قریشی ، چیئرمین مجلس قائمہ برائے مواصلات نے کی جبکہ اجلاس میں وزیرِمملکت برائے مواصلات محمد جنید انور چوہدری ، ممبران قومی اسمبلی جناب سلیم رحمن ، جناب انجینئر حامد الحق خلیل، جناب سنجے پروانی، محترمہ نسیمہ حفیظ پانزئی، انجینئر عثمان خان ترکئی اور محترمہ شاہجہاں منیر مانگریو کے علاوہ چیئرمین این ایچ اے شاہد تارڑ اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔