شاہین ایئر کی کریش لینڈنگ کے حوالے سے خبروں کی تردید
کراچی(پ ر) شاہین ایئر انٹرنیشنل نے بدھ کو جاری کی گئی تفتیشی رپورٹ کو میڈیا کی جانب سے غلط انداز میں پیش کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ رپورٹ میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ اس حادثے کی بنیادی وجہ شاہین ایئر کے پائلٹ کو لاہور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کنٹرول ٹاور کے عملہ کی جانب سے غلط راستہ بتانے کے باعث غیر تیار شدہ سطح پر لینڈنگ کی وجہ سے طیارہ اوورلوڈ ہو گیا تھا جس کی وجہ سے اس کا لینڈنگ گیئر ٹوٹ گیا تھا۔شاہین ایئر انٹرنیشنل کی جانب سے پریس کو جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شاہین ایئر انٹرنیشنل کے سسٹم میں شراب نوشی کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔ شراب نوشی پائلٹ کا ذاتی فعل تھا اور ایئر لائن نے پائلٹ کے خلاف ضروری کارروائی کر چکی ہے۔رپورٹ میں شاہین ایئر لائن پر لگائے گئے اس الزام کے حوالے سے کہ ایئر لائن کو پائلٹ کی سانس کا ٹیسٹ لینا چاہیے تھا، وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا کرنا کسی بھی پاکستانی یا بین الاقوامی سول ایوی ایشن سیفٹی اسٹینڈرڈز کا تقاضا نہیں ہے اور نہ ہی حادثے کی بنیادی وجہ ہے جیسا کہ میڈیا رپورٹوں میں نشاندہی کی گئی ہے۔مستقبل میں اگرمتعلقہ ریگولیٹری اتھارٹیز ایسی کوئی قانون سازی کرتی ہیں تو شاہین ایئر فوری طور پر اس کی پوری طرح تعمیل کرے گی۔اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ایسا کوئی عمل دوبارہ نہ ہو شاہین ایئر کی جانب سے پاکستان میں پہلی بار پرواز سے قبل پائلٹ کی جانچ کرنے کیلئے مختلف ٹیسٹ متعارف کرائے جاچکے ہیں۔