بھارت سے درآمد شدہ سویابین میل کلیرنس نہ کرنے کے خلاف درخواست،وفاقی حکومت سے جواب طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے انڈیا سے درآمد شدہ 26میٹرک ٹن سویابین میل کی کلیرنس نہ کرنے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے، عدالت نے پاکستان کی معیاری لیبارٹریوں کی بابت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے ۔مسٹر جسٹس شاہد جمیل خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سپریم فیڈز کی اپیل پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی لیبارٹری نے رپورٹ میں کہا کہ بیج میں فنگس ہے لیکن یہ نہیں کہا کہ بیج ناقابل استعمال ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل میاں عرفان نے عدالت کو بتایا کہ ویٹرنری اینیمل سائنسز یونیورسٹی لیبارٹری اور نیوکلیئر ایگریکلچر لیبارٹری فیصل آباد دونوں لیبارٹریز عالمی معیار کے مطابق کام کرتی ہیں جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ان دونوں لیبارٹریز کے معیار کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی جائیں۔