زارا اکبر نے شوہر فوزی علی کاظمی کیخلاف فیملی کورٹ سے رجوع کر لیا، قتل ہوئی تو ذمہ دار فوزی کاظمی، آصف زرداری اور پیپلز پارٹی ہو گی: اداکارہ

زارا اکبر نے شوہر فوزی علی کاظمی کیخلاف فیملی کورٹ سے رجوع کر لیا، قتل ہوئی ...
زارا اکبر نے شوہر فوزی علی کاظمی کیخلاف فیملی کورٹ سے رجوع کر لیا، قتل ہوئی تو ذمہ دار فوزی کاظمی، آصف زرداری اور پیپلز پارٹی ہو گی: اداکارہ

  

لاہور ( آئی این پی) نامور اداکارہ زارا اکبر نے کہا ہے کہ میں نے اپنے شوہر اور آصف زرداری کے دوست فوزی علی کاظمی سے اپنے اور اپنے بیٹے کے حقوق کےلئے فیملی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے عدالت سے رجوع کرنے کے بعد اگر مجھے یا میرے خاندان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری فوزی علی کاظمی پر عائد ہو گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس میں کہی۔ زارا اکبر نے میڈیا کو بتایا کہ میری اور فوزی علی کاظمی کی شادی کو 19سال ہو چکے ہیں۔ شادی اور بیٹے کی پیدائش کے دو سال تک فوزی علی کاظمی کی طرف سے خرچے کی ادائیگی کی گئی لیکن اس کے بعد سے نہ بچے اور نہ ہی مجھے کوئی خرچہ دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے بیٹے اور اپنے حقوق کے لئے فیملی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے اور عدالت نے 9نومبر کے لئے نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اور میری فیملی کو پہلے بھی فوزی علی کاظمی کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں۔ میرا شوہر آصف زرداری کا دیرینہ دوست ہے۔ میری جان کو خطرہ ہے۔ اگر قتل ہوئی تو شوہر فوزی کاظمی، آصف زرداری اور پیپلزپارٹی ذمہ دار ہو گی۔ میرے بیٹے کا ڈی این اے کرا لیں اس کا باپ فوزی علی کاظمی ہی ہے۔

میری وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے درخواست ہے کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری شادی 19سال قبل ہوئی تھی لیکن میں (ن)لیگ میں اب شامل ہوئی ہوں، میرے اور عائشہ گلا لئی کے کیس میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کی شہ پر یہ اقدام نہیںکیا اور میں اس کےلئے حلف دینے کو بھی تیار ہوں۔

مزید : تفریح