چوتھا ون ڈے،پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
شارجہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں چار میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور اب کلین سویپ کا موقع مل گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 174 رنز کا ہدف پاکستان نے 38.5اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا جس میں بابراعظم 69رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ فخر زمان نے 17 رنز بنائے تاہم گزشتہ میچ میں سینچری بنانے والے امام الحق صرف 2 سکور بنانے میں ہی کامیاب ہوئے۔
اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3اوورز میں 173رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جس میں تھریمانے 62سکور کے ساتھ سرفہرست رہے ۔ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے والے عثمان خان شنواری نے آتے ہی ”دھماکہ“ کر دیا اوراپنے ڈیبیو میچ کے ڈیبیو اوور میں ہی سری لنکن کپتان اپل تھرنگا کو پویلین کی راہ دکھا دی۔سری لنکا کا مجموعی سکور ابھی صرف 2 پر ہی پہنچا تھا کہ عثمان خان شنواری نے عمدہ گیند کرتے ہوئے سری لنکن کپتان اپل تھرنگا کو 0 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا۔ دوسری وکٹ 30 کے مجموعی سکور پر جب نیروشن ڈیکویلا 22 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 3 چوکے بھی مارے۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔چوتھے میچ سے پہلے ون ڈے رینکنگ جاری ہو گئی، پاکستانی خوشی سے جھوم اٹھے کیونکہ۔۔۔
تیسرے نمبر پر آنے والے چندی مال 16رنز بنا کر آوٹ ہوئے ،چوتھے نمبر پر آنے والے تھریمانے 62،پانچویں نمبر پر آنے والے چمارا بغیر کوئی سکور بنانے آوٹ ہو ئے ۔سری وردنا 13رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3 ،عماد وسیم اور شاداب خان نے 2،2وکٹیں حاصل کیں جبکہ جنید خان اور عثمان خان نے ایک ایک کھلاڑیو کوپولین پہنچایا ۔
قبل ازیں سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میچ کیلئے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے رومان رئیس کی جگہ عثمان شنواری جبکہ فہیم اشرف کی جگہ عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی، عثمان شنواری، عماد وسیم اور جنید خان شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم کی قیادت اپل تھرنگا کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں نیروشن ڈیکویلا، دنیش چندی مل، سدیرا سماراوکراما، لاہیرو تھریمانے، ملیندا سری وردنے، سیکوگ پراسانا، تھیسارا پریرا، اکیلا داننجیا، سرنگا لکمل اور لاہیرو گاماگے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے تین میچوں میں فتح حاصل کر کے سری لنکا کیخلاف 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے۔