ہائی کورٹ نے بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے دائر درخواست میں پنشنرز کی آگاہی کے لیے حکومت کو اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے یہ حکم پنشنرز کیس میں جاری کیا، حکومت پنجاب کی طرف سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد حسن نے پنشنرز کو پنشن کے بقایاجات کی ادائیگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اب تک پنشنرز کے بقایاجات کی مد میں 3ارب30 کروڑ ادا کر دیئے گئے ہیں، پنشن کے یہ بقایاجات 80 تا 85 سال اور سے زائد العمر کے پنشنرز کو ادا کئے گئے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پنشنرز کی ایک بڑی تعداد بقایاجات لینے کے لیے محکمہ خزانہ سے رجوع نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے ابھی تک پنشنرز کے مکمل بقایاجات کی ادائیگی ممکن نہیں ہو سکی، جس پر عدالت نے حکومت کو حکم دیا کہ پنشنرز کی آگاہی کیلئے پنجاب حکومت اشتہارات جاری کرے، اور پنشنرز کی سہولت کیلئے وسیع سطح پر حکومت آگاہی مہم چلائے، عدالت نے مزید سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کر دی، درخواست گزار بزرگ پنشنرز کی طرف سے دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ڈبل پنشن ادا نہیں کی جارہی ہے، کئی پنشنرز اس انتظار میں وفات پاگئے ہیں، درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرائے۔