ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے راہنماجہانگیر ترین کو ایف بی آر کا19کروڑ 91لاکھ روپے ٹیکس ریکوری کا نوٹس بحال کردیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے راہنماجہانگیر ترین کو 19کروڑ 91لاکھ روپے ٹیکس کی ریکوری کا نوٹس بحال کردیا ہے ،عدالت عالیہ کے جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے یہ حکم ایف بی آر کی اپیل منظور کرتے ہوئے جاری کیا ۔ایف بی آر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان لینڈ ریونیو نے جہانگیر ترین کی 94کروڑ سے زائد زرعی آمدنی پر 9 کروڑ 91لاکھ روپے کا ٹیکس عائد کرتے ہوئے ٹیکس وصولی کے نوٹس بھجوائے،انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کی درخواست پر ان لینڈ ریونیو کے اپیلٹ ٹربیونل نے ٹیکس وصولی کے نوٹس معطل کردئیے،جہانگیرترین کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کی زرعی اراضی ملکیتی نہیں،اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ بحال رکھا جائے۔ایف بی آر کی طرف سے کہا گیا کہ اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ قانونی تقاضوں کے منافی ہے ،زرعی آمدنی پر قانون کے مطابق ٹیکس کی ادائیگی کے لئے نوٹس بھیجے گئے ،عدالت نے ایف بی آر کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے اس کی اپیل منظور کرلی اورایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے ٹیکس نوٹس بحال کر دئیے۔