نوازشریف کی نااہلی اور سابق وزیر اعظم پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد موجودہ و سابقہ لٹیرے چھپنے کی جگہ تلاش کررہے ہیں: سراج الحق

نوازشریف کی نااہلی اور سابق وزیر اعظم پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد موجودہ و ...
نوازشریف کی نااہلی اور سابق وزیر اعظم پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد موجودہ و سابقہ لٹیرے چھپنے کی جگہ تلاش کررہے ہیں: سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے بڑے بڑے چوروں اور لٹیروں کی نیندیں اڑا دی ہیں اور نوازشریف کی نااہلی اور تین ریفرنسز میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد موجودہ و سابقہ لٹیرے چھپنے کی جگہ تلاش کررہے ہیں۔ عوام اب ان لٹیروں کو بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے جنہوں نے سات دہائیوں تک عوام کو اپنا غلام بنائے رکھا اور قومی وسائل کو لوٹ کر بیرونی بنکوں میں منتقل کرتے رہے۔ آج ملک میں غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کے اصل ذمہ دار یہی حکمران ہیں۔ کسان کی محنت ظالم جاگیردار اور مزدور کی کمائی ظالم سرمایہ دار کھا رہاہے۔ عام آدمی کو تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔ جنوبی پنجاب کے عوام غربت اور کسمپرسی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ کسانوں کو زمینوں کے لیے پانی ملتا ہے نہ اپنے مال مویشیوں کے لیے۔ ہر طرف ظلم و جبر کا راج ہے کسی جگہ قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی.

گنگا رام ہسپتال میں ایم ایس آفس کے باہر بیٹے کو جنم دینے والی خاتون کا بیان سامنے آگیا
ماچھیوال وہاڑی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں اسلامی نظام کی راہ میں رکاوٹ اقتدار میں رہنے والی مسلم لیگ ، پیپلز پارٹی ، جاگیردار اور وڈیرے ہیں جنہوں نے سیاست اور جمہوریت کے نام پر عوام کا استحصال کیا۔ نوازشریف نے نظریہ پاکستان کے ساتھ بے وفائی اور آئین و قانون کی حکمرانی سے روگردانی کی۔ اب تو صدر پاکستان بھی بول اٹھے ہیں کہ نواز حکومت نے چار سالہ دور میں 14 ارب 80 کروڑ ڈالر کے جو قرضے لیے ، وہ کہیں نظر نہیں آ رہے۔ یہ قرضے کرپشن کی نذر ہو ئے۔ حکومت نے عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت کے تحفے دیے۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار ی ضرب المثل بن چکی ہے اور قومی و بین الاقوامی اداروں نے ہمارے موجودہ و سابقہ اراکین اسمبلی ، وزراءاور بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کی کارکردگی کو سراہاہے۔ نیب پانامہ لیکس کے دیگر کرداروں اور کرپشن کے میگا اسکینڈلز میں ملوث قومی مجرموں کا بلا امتیاز احتساب کرے۔
سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ 2018 ءکے انتخابات میں عوام ان وڈیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لیں اور ان کے چنگل سے آزادی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر نوجوانوں کو بے روزگاری اور بوڑھوں کو بڑھاپا الاﺅنس دے گی اور پانچ بڑی بیماریوں کا سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ہم غریب اور امیر کے لیے یکساں تعلیمی نظام اور یکساں نصاب دیں گے تاکہ غریب کے بچے کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں اور عام آدمی غربت اور جہالت کے پھندوں سے نکل کر ایک باعزت اور باوقار شہری کی طرح زندگی گزار سکے۔

مزید :

قومی -