لاہور اور پنجاب کی ترقی دیکھ کر یوں لگا کہ ہم اندھیروں سے نکل کر روشنی میں آگئے ہیں: بلوچ طلبا

لاہور اور پنجاب کی ترقی دیکھ کر یوں لگا کہ ہم اندھیروں سے نکل کر روشنی میں ...
لاہور اور پنجاب کی ترقی دیکھ کر یوں لگا کہ ہم اندھیروں سے نکل کر روشنی میں آگئے ہیں: بلوچ طلبا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے لاہور اور صوبے کی ترقی کیلئے بے مثال ا قدامات کئے ہیں، ہمارے کالج کے طلبا اور ہم نے پنجاب کی ترقی کا عملی مشاہدہ کیا ، بلوچستان سے پنجاب آکر ہمیں یوں لگا کہ جیسے ہم اندھیروں سے نکل کر روشنی میں آگئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار کے پروفیسر مطیع الرحمان نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی ترقی اور تعلیمی میدان میں پنجاب حکومت کے شاندار اقدامات دیکھ کربہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہماری بڑی مہمان نوازی کی ہے جس پر ہم بے حد ممنون ہیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے طلباءسے کھل کر ہر موضوع پر گفتگو کی اور ان سوالات کے جوابات دئیے۔ وزیراعلیٰ نے ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی وجوہات کا مدلل انداز میں ذکر کیا اور پاکستان کی ترقی کے لئے محنت، دیانت اور امانت کے اصولوں کو اپنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، ہم وطن عزیز کو عظیم ملک بنانے کے لئے پرامید ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر علامہ اقبالؒ کے ”جواب شکوہ“ کا یہ شہر پڑھا۔
کس قدر تم پر گراں صبح کی بیداری ہے
ہم سے کب پیار ہے! ہاں نیند تمہیں پیاری ہے
وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں علامہ اقبالؒ کے یہ اشعار بھی پڑھے
تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں
تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خوکرلے
نہیں یہ شان خودداری چمن سے توڑ کر تجھ کو
کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلوکرلے
وزیراعلیٰ نے خضدار کالج کے پروفیسر شہزادہ سلیم کی جانب سے پنجاب حکومت کے بلوچستان کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو ویب سائٹ پر جاری کرنے کے مطالبے پر کہا کہ یہ آپ کی اچھی تجویز ہے اور اس پر عمل ہوگا۔ روزنامہ خبریں کے مطابق  وزیراعلیٰ نے ہلکے پھلکے اندازمیں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ مغلیہ دور کے نہیں بلکہ دور حاضر کے شہزادہ سلیم ہیں جس پر تمام شرکاءمسکرادئیے۔

مزید :

لاہور -