فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ، 2لاکھ سے زائد گندے انڈے اور 16ہزار لٹر مضر صحت دودھ تلف
لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں گوجرانوالہ کے مضافاتی علاقے میں واقع کولڈ سٹور سے برآمد کیے گئے 2 لاکھ 10 ہزار گندے انڈوں کی بڑی کھیپ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ڈمپنگ سائٹ پر تلف کر دی۔اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گندے انڈوں کے مستقل خاتمے کے لیے ایک مربوط اور جامع پالیسی لاگو کر دی ہے۔دوسری طرف فوڈ اتھارٹی کی ڈیری سیفٹی ٹیمز نے صوبہ بھر میں شہروں کے داخلی راستوں پر علی الصبح ناکے لگا کر دودھ کی سپلائی لانے والی 1929 گاڑیوں میں موجود 3لاکھ 13 ہزار لیٹر دودھ کے موقع پر ٹیسٹ کئے۔پنجاب بھر میں229 گاڑیوں میں موجود مضر صحت کیمیکلز، پاؤڈر اور پانی کی ملاوٹ سے تیار15ہزار 833 لیٹرجعلی دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔ڈائریکڑجنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ ناقص دودھ کے مکمل خاتمے کیلئے ناکہ بندیوں کے علاوہ دیگر منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ملاوٹ پر زیرو ٹالرنس جبکہ جعل ساز مافیا کے خاتمے کے لیے سزائیں مزید سخت کروانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں