سید علی بن عثمان الہجویری المعروفداتا گنج بخش ؒ کے975 ویں عرس کی تیاریاں

سید علی بن عثمان الہجویری المعروفداتا گنج بخش ؒ کے975 ویں عرس کی تیاریاں

  

لاہور (نیوز رپورٹر)صوبائی سیکر ٹری اوقاف ذولفقار احمد گھمن نے داتا دربار کے کمیٹی روم میں عرس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ کے975 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔ پہلے روز وزیر اعلیٰ رسم چادر پوش سے تقریبات کا آغاز کرینگے،گورنر پنجاب 26اکتوبر کو عالمی کانفرنس میں مہمان خصوصی ہونگے۔،سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے 3 ہزار پولیس اہلکار،450قومی رضاکارڈیوٹی دیں گے۔

اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ا ہلکار فرائض انجام دیں گے۔

سکیورٹی کے لئے قرب و جوارا ور اطراف میں 50سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھایا جائے گا جبکہ اس پورے عمل کی تینوں دن سیف سٹی کے ذریعے بھی باقاعدگی سے نگرانی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے لئے ناصر با غ،سینٹرل ماڈل سکول،اسلامیہ ہائی سکول،آزادی چوک، موری گیٹ اور لوہاری گیٹ میں جگہ بنائی جائے گی۔ لنگر اور دودھ کی سبیل کے لئے بھی دربار کے قرب و جوار میں پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ سکیورٹی کی بہتری کے لئے زائرین کو واک تھرو گیٹس سے گزارا جائے گا۔ زائرین کو کسی بھی قسم کی فوری طبی امدار کی فراہمی کے لئے میو ہسپتال، منشی ہسپتال ا ورد اتا دربار ہسپال میں انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرس کے دنوں میں لنگر اور دودھ کے معیار کے سختی سے چیکنگ بھی کی جائے گی اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی کو پابند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کے افسران عرس کے دنوں کے لئے اپنے اپنے فوکل پرسن کی تعیناتی اور ان کی مکمل معلومات فراہم کریں تاکہ ایک معلوماتی ڈائریکٹری مکمل کرکے آپس میں روابط بہتر بنائے جا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ دربار اور اس کے قرب و اطراف کو برقی قمقموں ،محرابوں اور دیگر سامان سے خوبصورت تزئین و آرائش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عرس کے دوران کسی بھی محکمہ کی طرف سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکر ٹری اطہر مسعود، ڈائریکٹ جنرل اوقاف طاہر رضا بخاری ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سکندر ذولقر نین کے علاوہ تمام محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -