2ارب 14کروڑ مالیت کی ڈھائی ٹن منشیات بر آمد ، 17ملزمان گرفتار ، 9گاڑیاں ضبط
اسلام آباد (این این آئی)دنیا کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 16ملک گیر کاروائیوں کے دوران 2ارب 14کروڑ 40 لاکھ روپے عالمی مالیت کی2.608ٹن منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات سمگلنگ میں ملوث 2 خواتین سمیت 17ملزمان کوگرفتاراور9 گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 2578.12 کلو گرام چرس،11.15کلو گرام افیون، 16.965کلوگرام ہیروئن، 7.575کلو گرام ایمفیٹامائن اور 800گرام میتھ ایمفیٹامائن شامل ہے۔ اے این ایف کوئٹہ نے کلہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں واقع کلی دمام کے علاقے سے ایک خشک نالے سے 802 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ اطلاعات پر مبنی، دوسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف کوئٹہ نے تحصیل و ضلع آوران کے پہاڑی علاقے بالائی مکولہ سے ایک ہینو ٹرک قبضے میں لے کر اس میں رکھی گئی 1700 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی اور مناسب موقع پر اندرون و بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔ اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز نمبر EY-615 سے سعودی عرب روانہ ہونے والے کراچی کے رہائشی خائستہ رحمان اور اس کی خاتون ساتھی لعل بی بی کو گرفتار کر کے اس کے پاس موجود سامان میں رکھے گئے کپڑے میں جذب کی گئی 3.170 کلوگرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔ دوسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف راولپنڈی نے پرواز نمبر PK-233 سے دبئی روانہ ہونے والے دیر بالاکے رہائشی محمد شیر کو اسلام آبادانٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کیاس کے قبضے سے 465 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ تیسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف راولپنڈی پرواز نمبر PA-274 سے ریاض ،سعودی عرب روانہ ہونے والے مانسہرہ کے رہائشی بابر خان کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے ملزم کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 805 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔ چوتھی کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے ٹی چوک اسلام آباد میں واقع اٹک پٹرول پمپ کے قریب سے ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لے کر اس کی ڈگی میں چھپائی گئی 4.8 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود پشاور کے رہائشی فضل محمود اور نیاز خان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ پانچویں کاروائی کے دوران ،اے این ایف راولپنڈی نے پرواز نمبر PK-713 سے مدینہ ، سعودی عرب روانہ ہونے والے صوابی کے رہائشی محمد نقاش کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے ملزم کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 980 گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر لی۔ چھٹی کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے فیض آباد ،راولپنڈی میں واقع سکائی ویز بس اڈے کے سامنے سے ایک ٹویوٹا ہائی ایس کو قبضے میں لے کر اس کے سی این جی سلنڈر میں چھپائی گئی 10 کلوگرام افیون برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود مہمند ایجنسی کے رہائشی حضرت علی نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ساتویں کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے ایف ۔ٹین ، اسلام آباد میں واقع میزائل چوک کے قریب سے ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لے کر اس کی ڈگی میں رکھی گئی 3.6 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود مہمند ایجنسی کے رہائشی تاج محمد اور دولت خان کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ اے این ایف لاہور نے لاہور سے انڈیا جانے والی ایک ٹرین کو واہگہ ریلوے اسٹیشن سے قبضے میں لے کر اس کی پریشر بریک کے ٹینک میں چھپائی گئی 16.5 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے موٹروے ٹول پلازہ، گوجرہ کے قریب ایک سوزوکی کلٹس کار کوکو قبضے میں لے کر اس میں موجود مردان کے رہائشی سید احمد شاہ کے قبضے سے 28.8 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ تیسری کاروائی کے دوران ، اے این ایف لاہور نے ملتان خانیوال روڈ پر واقع جنوبی بائی پاس کے خھیڑا چوک سے ایک سوزوکی مہران کار کو قبضے میں لے کر اس مٰن موجود ملتان کے رہائشی آصف منیر کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس اور 1.15 کلوگرام افیون برآمد کر لی۔ چوتھی کاروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور موٹروے ایم 4 کے فیصل آباد میں واقع گوجرہ ٹال پلازہ کے قریب سے ایک سوزوکی مہران کار کو قبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 14.4 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود پشاور کے رہائشی توفیق احمد اور فرحان اللہ کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ پانچویں کاروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور نے پرواز نمبر PA-470 سے جدہ روانہ ہونے والے فیصل آباد کے رہائشی محمد سلیم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ ، لاہور سے گرفتار کر کے اس کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 800 گرام میتھ ایمفیٹا مائن برآمد کرلی۔ چھٹی کاروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور نے لودھراں کے رہائشی فیاض حسین شاہ اور اسکی خاتون ساتھی اقبال بی بی کو ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے ان کے پاس موجود نمکو کے پیکٹوں میں چھپائی گئی 900 گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر لی۔اے این ایف پشاور نے پرواز نمبر QR-601 سے دوہا روانہ ہونے والے ہنگو کے رہائشی محمد حسین کو پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے شولڈر بیگ میں موجود ہارمونیم میں چھپائی گئی 1.720 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ دوسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف پشاور نے پرواز نمبر PK_735 سے جدہ روانہ ہونے والے اپر دیر کے رہائشی جلیل احمد کو پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے پاس موجود فوڈ مکسر مشین میں چھپائی گئی 1.720 کوگرام ایمفیٹا مائن برآمد کر لی۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پی ڈی اے بلڈنگ، میں روڈ ، حیات آباد پشاور کے قریب واقع ودود سنٹر کے سامنے سے ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لے کر اس کے دروازوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 22.8 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود نارووال کے رہائشی شاہد وحید اور محمد عمران کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
اے این ایف