لاہور پولیس کے ای خدمت سنٹر سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کی ہدایت پر لاہور پولیس کی جانب سے شہریوں کو سہولت دینے کیلئے 7 سہولیاتی مراکز سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری ہے ۔ شہر میں پولیس سہولیاتی مراکز ایس ایس پی زاہد گوندل شہید ڈی آئی جی آپریشن دفتر، لبرٹی مارکیٹ پارکنگ میں ای خدمت سنٹر، مون مارکیٹ، ریگل چوک ہال روڈ، پیر مکی، ٹاؤن ہال اور ارفع کریم سنٹر میں قائم ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہورشہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہری پولیس سہولیاتی مراکز کے ذریعے کریکٹر سرٹیفیکیٹ، پولیس ویریفکیشن ،کرایہ نامہ، ملازمین کی ویریفکیشن، ڈرائیونگ لائسنس یا کسی قسم کے قانونی مشورہ کی سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔شہری تھانوں یا کسی اور جگہ جانے کی بجائے لاہور پولیس کے سات سہولیاتی مراکز سے بلا جھجھک سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ شہر یوں کی مزید سہولت کی خاطر مختلف علاقہ جات میں مزید سہولیاتی مراکز قائم کیئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہولیاتی مراکز کا دورہ کرنے والے شہری مزید بہتری کیلئے اپنی قیمتی آراء سے لاہور پولیس کو آگاہ کریں۔