دعا ہے عمران ڈالر 46 روپے پر لانے میں کامیاب ہوں، قمر زمان کائرہ
لاہور( نمائندہ خصوصی ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ پیپلز پارٹی لاہور کے راہنما ڈاکٹر ضرار یوسف کے بیٹے کے واپڈا کے پول سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوجانے پر ڈاکٹر ضرار سے تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے اور ان کے بیٹے کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔اس موقع پر میڈیا سے بات کر تے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیسکو کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے تا کہ مزید جانیں ضائع نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ عمران خان کامیاب ہوں اور ڈالر کی قیمت 46 روپے پر لانے میں بھی کامیاب ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ عمران خان ایک کروڑ لوگوں کو نوکریاں دیں اور پچاس لاکھ گھر لوگوں میں تقسیم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی مہنگائی کا آغاز ہوا ہے اصل مہنگائی دو تین مہینے بعد شروع ہوگی اور پی ٹی آئی کے ظلم سے عوام کی چیخیں نکل جائیں گی۔اس سوال پر کہ کیا آپ حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے عوام کا موڈ دیکھیں گے پھر کوئی فیصلہ کریں گے۔
قمر زمان کائرہ